سپین: اعجاز احمد وڑائچ اور محمد بلال اوپل کا منہاج القرآن بارسلونا کی سپانش کلاس کا دورہ

28 فروری 2014ء بروز جمعہ منہاج یورپین کونسل کے صدر چوہدری اعجاز احمد وڑائچ اور سیکرٹری جنرل محمد بلال اوپل نے منہاج اسلامک سنٹر بارسلونا میں جاری سپانش زبان کی کلاس کا دورہ کیا، ان کے ساتھ منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کے صدر مرزا محمد اکرم بیگ بھی موجود تھے۔ کلاس ٹیچر نوید احمد اندلسی اور طلباء نے معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا اس موقع مہمانوں نے اپنی مختصر گفتگو میں کہا کہ کسی بھی ملک میں آنے کے بعد وہاں کی زبان سیکھنا سب سے اہم کارنامہ ہوتا ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے منہاج القرآن بارسلونا نے اس کلاس کی صورت میں آپ کو بہترین سہولت فراہم کر رکھی ہے۔

منہاج یورپین کونسل کے صدر چوہدری اعجاز احمد وڑائچ نے طلباء کو منہاج القرآن بارسلونا کی اس مفت سروس سے استفادہ کرنے کے بعد منہاج القرآن انٹرنیشنل سے عملی طور پر وابستہ ہونے کا پیغام بھی دیا، انہوں نے کہا شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی قیادت میں منہاج القرآن دنیا بھر میں دینی معاملات کے ساتھ ساتھ زندگی کے تمام شعبہ جات میں امت مسلمہ اور بالخصوص پاکستانی نوجوان نسل کو رہنمائی فراہم کر رہی ہے، انہوں نے طلباء کو مقامی قوانین کے متعلق آگاہی حاصل کرنے اور ان کا احترام کرنے کی بھی تاکید کی۔ منہاج یورپین کونسل کے سیکرٹری جنرل محمد بلال اوپل نے کلاس ٹیچر نوید احمد اندلسی کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں منہاج القرآن انٹرنیشنل کا سرمایہ قرار دیا۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کے صدر محمد اکرم بیگ نے تمام طلباء کو سپانش زبان سیکھنے پر مبارک باد دینے ہوئے کہا کہ بارسلونا میں منہاج القرآن کی خدمات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہیں، سپانش زبان کی کلاس بالکل مفت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ منہاج القرآن سپین گزشتہ 19برس سے زندگی کے مختلف شعبہ جات میں پاکستانی کمیونٹی کی رہنمائی کر رہی ہے۔

اس موقع پر کلاس ٹیچر نوید احمد اندلسی نے معزز مہمانوں کا شکریہ اداء کرتے ہوئے انہیں کلاس کے نظام تعلیم اور اس کی انفرادیت کے متعلق آگاہ کیا، انہوں نے بتایا کہ منہاج القرآن بارسلونا جیسی کلاس سپین میں اس وقت تک کہیں اور موجود نہیں، انہوں نے بتایا کہ اکتوبر 2009 سے لے اب تک کر یہ کلاس بالکل مفت (فری) پڑھائی جا رہی ہے اور اس کی مقبولیت و اہمیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ کلاس میں داخلہ کے لیے اکثر قرعہ اندازی کی جاتی ہے، اب تک مکمل ہونے والی 15 کلاسوں میں سینکڑوں طلباء مستفید ہو کر زندگی کے مختلف شعبہ جات میں اپنے اور اپنے گھر والوں کے لیے رزقِ حلال کمانے کے ساتھ ساتھ دین اسلام اور وطن پاکستان کے لیے اچھے سفیروں کاکردار کر رہے ہیں۔ نوید احمد اندلسی نے بتایا کہ کلاس کی اختتامی تقریب میں بطور خاص طلباء کو اس بات کی تاکید کی جاتی ہے کہ وہ یہاں سے زبان سیکھنے کے بعد ہمیشہ اپنے وطن پاکستان اور دین اسلام کی نیک نامی میں اضافہ کا باعث بنیں اور منفی سرگرمیوں کاحصہ بننے سے گریز کریں۔

رپورٹ: محمد وقاص راجہ

تبصرہ