ہالینڈ: منہاج القرآن انٹرنیشنل دی ہیگ کے زیر اہتمام غوث الاعظم کانفرنس

منہاج القرآن انٹرنیشنل دی ہیگ کے زیر اہتمام 11 فروری 2014 کو سالانہ عرس حضور غوث الاعظم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علامہ محمد زبیر القادری نے کہا کہ آج دنیا کے معاشی حالات تیزی سے زوال پذیر ہورہے ہیں اور غربت میں بھی اضافہ ہونے کی وجہ سے انسانیت پریشانی میں مبتلا ہے ایسے حالات میں ہمارے پیارے کریم آقا اور اللہ کے حبیب حضرت محمد صلی اللہ علیہ واالہ وسلم کے اسوہ حسنہ کو حضور غوث الاعظم کی زندگی میں باآسانی مشاہدہ کیا جاسکتا ہے۔ اللہ کے اس محبوب ولی کی زندگی میں غریب پروری اولین صفت ہے۔

غوث الاعظم رضی اللہ عنہ کے سالانہ عرس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علامہ احمد رضا نقشبندی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کو کھانا کھلانے کا عمل اللہ تبارک وتعالیٰ کو بہت محبوب ہے اور اس عمل کو حضور غوث پاک اہتمام سے کرتے تھے اور یہ سلسلہ تاقیامت چلتا رہے گا۔حضور غوث الاعظم سید عبدالقادر جیلانی کی زندگی ان پاک نفوس کی زندگی کے عین مطابق ہے جن کے بارے قرآنِ مجید میں اللہ کا ارشاد ہے کہ " اِن کی زندگی سے خوف کو ختم کر دیا گیا ہے" یعنی یہ میرے وہ بندے ہیں جنہیں کوئی خوف نہیں، اور ہمیں بھی اپنی زندگی کو اللہ عزوجل اور پیارے مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی اتباع میں اس طرح بسر کرنا چاہیئے کہ ہماری زندگیوں سے بھی دنیا کا لالچ ختم ہوجائے ہماری زندگی کا مقصد اللہ تبارک وتعالیٰ اور پیارے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے احکامات کی عملی تصویر نظر آئے اور انسانیت کی خدمت ہماری زندگی کا مقصد بن جائے۔عرس کی اس تقریب سعید میں مرد و خواتین نے سینکڑوں کی تعداد میں شرکت کی تھی جن کے لئے لنگرِ غوثیہ کا پرُتکلف اہتمام تھا۔

رپورٹ: امانت علی چوہان

تبصرہ