مصر: جامعۃ الازہر الشریف میں منہاجینز کے زیراہتمام قائد ڈے کی تقریب

یگانہ روزگار، نابغہ عصر، مجدد رواں صدی شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 63 ویں سالگرہ کے موقع پر تمام دنیائے اسلام کی طرح جامعۃ الازہر الشریف مصر میں بھی منہاجینز کے زیراہتمام پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا جسکی سعادت قاری محمد علی نے حاصل کی، جبکہ حافظ محمد آصف نے آقا علیہ السلام کی بارگاہ میں درود و سلام کا خوبصورت نذرانہ پیش کیا۔ بعد ازاں پروگرام کی مناسبت سے حافظ محمد ہارون عباسی، سید خالد حمید کاظمی، اسد اللہ سومرو اور محمد طاہر نے ترانے پیش کیے۔

مصر میں مقیم منہاجینز کے سربراہ اور الازہر یونیورسٹی کے پروفیسرڈاکٹر غلام محمد قمر الازہری نے اس دن کی مناسبت سے " ان العلماء ورثۃ الانبیاء" اور" علماء حق وعلماء سوء " کےموضوع پر خصوصی گفتگو کرتے ہوئے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی 63 ویں سالگرہ پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ آج کا دن دنیا بھر میں منہاج القرآن کے رفقاء، اراکین اور وابستگان کے لئے بہت اہم ہے، کیونکہ اللہ رب العزت نے اس دور فتن میں ایک ایسے مرد مجاہد کو بھیجا جس نے اپنے آقا کے خصوصی فیوضات سے اس ملک وقوم اور امت مسلمہ کی تقدیر بدلنے کا بیڑا اٹھایا ہے۔ جس نے ہزار ہا نوجوانوں کی جبینوں کو اللہ کے حضور سجدہ ریز کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ علماء حق کی پہچان یہ ہے کہ وہ کسی سے بغض اور حسد نہیں رکھتے جیسا کہ ائمہ اربعہ کی حیات مبارکہ ہمارے سامنے ہے کہ ہزارہا اختلافات کے باوجود وہ ایک دوسرے سے محبت کرتے تھے۔

بزم منہاج کے صدر حافظ محمد خلیل نے سابقہ بزم کی سالانہ رپورٹ پیش کی اور کلمات تشکر ادا کیے۔ اس موقع پر بزم منہاج کی تنظیم نو بھی کی گئ جس میں بالاتفاق صدر اسد اللہ سومرو، نائب صدر مخدوم غلام حسن، جنرل سیکرٹری حافظ نعلین مصطفی، پریس سیکرٹری سید خالد حمید کاظمی اور سید حسین شاہ ڈپلومیٹک ریلیشنگ کے لیے منتخب قرار پائے۔ سابقہ بزم کے عہدیداران کو تحائف دیے گئے۔ مہمانان گرامی میں راجہ افتخار صاحب، صاحبزادہ ضیاء المصطفی المکی صاحب، محترم گل شاہ دین الازہری صاحب تشریف لائے۔ پروگرام کے آخر پر کیک کاٹا گیا اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی درازئ عمر کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

تبصرہ