جاپان: منہاج القران انٹرنیشنل کے زیراہتمام ڈاکٹر طاہر القادری کی 63 ویں سالگرہ منائی گئی

منہاج القرآن انٹرنیشنل اباراکی کین باندوشی کے کارکن اور رفقا نے 19 فروری 2014 کومرکز منہاج القرآن جامع مسجد المصطفیٰ میں اپنے محبوب قائد شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی 63 ویں سالگرہ منائی، جس میں رفقا، اراکین اور اہل محبت کی کثیر تعداد شریک ہوئی۔

سالگرہ کی تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا جس کے بعد فیصل ملک، محمد وقاص اور حافظ ذوالقرنین نے آقاء دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں ہدیہ نعت پیش کیا۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل جاپان کے ڈائریکٹر علامہ محمد شکیل ثانی نے سالگرہ کی تقریب سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کو ان کی 63 ویں سالگرہ پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ آج کا دن دنیا بھر میں منہاج القرآن کے رفقا، اراکین ، وابستگان اور محبیبن کے لئے بہت اہم ہے کیونکہ اللہ رب العزت نے اس دور فتن میں ایک ایسے مرد مجاہد کو بھیجا جس نے اپنے آقاء کے خصوصی فیوضات سے اس ملک وقوم اور امت مسلمہ کی تقدیر بدلنے کا بیڑا اٹھایا ہے۔ جس نے ہزارہا نوجوانوں کی جبینوں کو اللہ کے حضور سجدہ ریز کیا ہے، جس نے نوجوانوں کی آنکھوں میں خوف الٰہی کے آنسو دیئے ہیں، جو یزیدی کرداروں کے حامل حکمرانوں کو للکار رہا ہے۔

امام بارگاہ محمد وآل محمد کے بانی محمد اقبال کیمانی، نیو ہاٹ مصالحہ کے روح رواں رانا عامر، بھٹو ہاؤس کے بانی محمد سلیم شیرو، جاپان پریس کلب کے صدر چودھری شاہد رضا، چیباکین سے محمد رفیع، ذوالقرنین، سرفرازنوشاہی اور حضرت حسین اور دیگر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے شیخ الاسلام کی خدمات کو سراہا اور ان کی جدوجہد میں اپنے بھر پور تعاون کا یقین دلایا۔ تقری کے اختتام پر 63 پاؤنڈ کا کیک کاٹا گیا اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی صحت وتندرستی کے لئے دعا کی گئی۔

رپورٹ: حافظ محمد ایوب بٹ

تبصرہ