مورخہ 8 فروری منہاج القرآن ویمن لیگ ڈنمارک نے عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس کا انعقاد کیا، جس میں نظامت کے فرائض مسرت ظہور یوتھ کی صدر نے انجام دئیے۔ قرآت کی سعادت محترمہ حافظہ مبشرہ ظہیر نے حاصل کی، حمد باری تعالیٰ فرحت قادری نے پیش کی، عقیدت کے پھول سلمیٰ، حنا اور عظمیٰ نے نچھاور کئے۔ مقامی ڈینش زبان میں فرحت شاہین ناظمہ مالیات ویمن لیگ نے ہم میلاد کیوں مناتے ہیں کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔
خصوصی خطاب بلجیم سے تشریف لائی منہاج القرآن یورپین کونسل کی سمیرا فیصل نے کیا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں محبت رسول کی اہمیت بڑی وضاحت کے ساتھ بیان کی۔ انہوں نے کہا کہ محبت رسول حاصل کرنے کے لئے سنت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر عمل کریں، درود شریف پڑھیں اور اپنے گھروں میں پڑھنے اور پڑھوانے کا اہتمام کریں۔ دن میں کم از کم ایک تسبیح اپنے بچوں سے بھی پڑھوائیں، حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی چھوٹی چھوٹی سنتوں پر عمل کریں۔ شیخ الا سلام کی دو کتابیں شمائل مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور خصائص مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سب کے گھروں میں ہونی چاہیں۔سمیرا فیصل نے مزید کہا کہ آپ اپنے آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سیرت کا مطالعہ کریں تاکہ آپ پہچان سکیں کہ آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کیسے بیٹھتے تھے؟ کیسے کھاتے تھے؟ کیسے سوتے تھے؟ کیسے نظر آتے تھے؟ ان کا حسن کیسا تھا؟ انکی خوشبو سے کیسے گھر اور راستے مہکتے تھے ان کو پہچانیے اور قبر کے سب سے اہم سوال کی تیاری کیجیے اور اس تیاری کے لئے تحریک منہاج القرآن میں شامل ہوں تاکہ قبر میں بھی اپنے آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی پہچان نصیب ہو سکے۔
حاضرین محفل کے دلوں میں محبت جاگنے کا واضح ثبوت یہ تھا کہ ڈنمارک کے ادارہ منہاج القرآن میں یہ دونوں کتابیں کم پڑ گئیں۔ آخر میں منہاج ویمن لیگ کی صدر نفیس فاطمہ نے اختتامی کلمات ادا کر کے حاضرین محفل کا شکریہ ادا کیا اور تحریک منہاج القرآن کے قافلہ میں شامل ہونے کی دعوت دی۔ ویمن لیگ نے عاجزانہ سلام بحضور سرور کونین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پیش کیااور ناہید سراج کی دعائے خیر پر یہ محفل اپنے اختتام کو پہنچی۔
رپورٹ: شبانہ احمد
تبصرہ