ساؤتھ کوریا: منہاج القرآن انٹرنیشنل(ساؤتھ کوریا) کے زیر اہتمام عظیم الشان محفل میلاد کا انعقاد

منہاج القرآن انٹرنیشنل ساؤتھ کوریاکے زیر اہتمام مورخہ 01 فروری 2014 کو انچھن سٹی میں عظیم الشان محفل میلاد کا انعقاد کیا گیا جس میں منہاج القرآن انٹرنیشنل جاپان کے ڈائریکٹرعلامہ محمد شکیل ثانی نے اپنے تین رکنی وفدعظیم بٹ اور چودھری شاہد رضا کے ساتھ خصوصی شرکت کی۔

محفل میلاد کی صدارت منہاج ایشیئن کونسل کے امیر محمد جمیل چودھری نے کی جبکہ سیاسی وسماجی راہنماؤں نے بھی شرکت کی۔ محفل کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔ نعت خوانی کے بعد یونان سے تشریف لائے علامہ محمد نواز ہزاروی نے خصوصی گفتگو کی۔ علامہ محمد شکیل احمد ثانی نے محفل میلاد کے شرکاء سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہر کسی کے لئے کامل نمونہ ہیں اور اللہ رب العزت نے آپ کو تمام جہانوں کے لئے رحمت بنا کر بھیجا ہے۔ انہوں نے ساؤتھ کوریا میں بسنے والے مسلمانوں کو اسلام کا سفیر کہہ کر مخاطب کیا اور کہا کہ ہم سب پر لازم ہے کہ اسلام کے دائمی اور آفاقی اصولوں کی پاسداری کریں۔

پروگرام میں شرکت کے لئے ساؤتھ کوریا کے کئی شہروں سے عاشقان مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم قافلے لے کر پہنچے۔ منہاج ایشیئن کونسل کے امیر محمد جمیل چودھری نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ بعد میں جملہ شرکاء محفل کو لنگر پیش کیا گیا۔

رپورٹ: ثاقب الرحمن

تبصرہ