منہاج القرآن انٹرنیشنل کے زیر اہتمام منہاج القرآن ایجوکیشنل اینڈ کلچرل سینٹر نیو جرسی میں 7 فروری 2014 کو حلقہ درود کی محفل منعقد کی گئی۔ نماز کے بعد شرکاء حلقہ بنا کر بیٹھ گئے اور ڈائریکٹر منھاج القرآن سینٹر نیو جرسی علامہ محمد شریف کمالوی نے شیڈول کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ھم سب مل کر حضورصلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر درود پڑھیں گے جس کا دورانیہ50 منٹ ہو گا۔
حلقہ کا آغاز درود و سلام سے کیا گیا۔ 30 منٹ تک درود و سلام پڑھا گیا پھر ایک رجسٹر پر نوٹ کر لیا گیا جس میں تمام دوستوں نےنوٹ کروا دیا اور دود کی تعداد 90 ہزار سے تجاوز کر گئی۔ اس محفل میں خواتین و حضرات کے ساتھ ساتھ بچوں نے بھی شرکت کی۔نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سعادت منظور الٰہی، محمد اصغر چوہدری اور سلیم بھائی نے حاصل کی۔
سلسلہ نعت کے بعد شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا ویڈیو خطاب سنا گیا جس میں انھوں نے درود و سلام کی فضیلت بیان کرتے ہوئے بتایا کہ یہ وظیفہ اللہ تعالٰی کا بتایا ہوا ہے۔ وہ خود بھی درود بھیجتا ہے اور فرشتوں کو بھی ساتھ شامل کر کے تمام مومنوں کو بھی حکم دیتا ہے کہ درود و سلام پڑھا کرو۔ انھوں نے درود و سلام کی برکت بیان کرتے ہوئے بتایا کہ بنی اسرائیل کا ایک شخص جو کہ گناہ گار تھا فوت ہو گیا۔ لوگوں نے اسے دفنانے سے بھی انکار کر دیا۔ موسٰی علیہ السلام کو اللہ تعالٰی کی طرف سے وحی آئی کہ اے موسٰی تو اس کے غسل اور جنازے کا اہتمام کر، موسٰی علیہ السلام نے پوچھا مولٰی وجہ کیا ہے تو اللہ تعالٰی نے فرمایا کہ یہ شخص جب توراۃ کھولتا تھا اور جہاں جہاں آخر الزماں نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا ذکر آتا تھا تو درود و سلام پڑھتا تھا جس کی برکت سے میں نے اسے بخش دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ درود سے امتی کا اپنے نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے رشتہ مضبوط ہوتا ہے تو اسے اپنا وظیفہ بنا لیں۔
خطاب کے بعد سلام پڑھا گیا اور اللہ کی بارگاہ میں دعا کی گئی کہ وہ اس مجلس کے صدقے بیماروں کو شفا دے اور مسلمانوں کو سلامتی عطا فرمائے۔ خصوصا ملک پاکستان میں امن ا سلامتی کی دعا کی گئی۔
رپورٹ: شرجیل احمد
تبصرہ