تاریخ انسانیت میں جس طرح اللہ کے پیارے حبیب حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا شجرہ نسب محفوظ ہے کسی بھی دوسری شخصیت کا اتنی تفصیلات کے ساتھ محفوظ نہیں ہے کیونکہ اس شجرہ نسب کی تفصیلات کا ذکر اللہ تبارک وتعالیٰ نے اپنے پاک کلام قرآنِ مجید میں خود فرمایا ہے اور اس کے علاوہ ہمارے پیارے نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اپنی احادیث میں بھی فرمایا ہے ان تمام تفصیلات کے ذکر کا مقصد ایک تو ذکرِ مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو بلندیاں اور رفعت عطا کرنے کے ساتھ ساتھ امتِ محمدی کے ذہنوں کو اپنے پیارے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے متعلق ہر قسم کے شکوک شبہات سے پاک کرنا بھی ہے تاکہ امت کا اپنے نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے تعلق مضبوط ترین رہے۔
ہفتہ وار درسِ علم وذکر میں ماہِ ربیع الاول سے اللہ کے پیارے رسول حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے پاک شجرہ نسب کے سلسلہ وار بیان میں سفیرِ منہاج القرآن علامہ حافظ نذیر احمد القادری نے اپنے خطاب کے دوران کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ انبیاء کے جدِ امجد حضرت ابراہیم علیہ السلام کے بیٹے حضرت اسماعیل علیہ السلام کی لڑی سے تمام عظیم انسان اور اللہ عزوجل کے محبان جن کو اللہ نے نورِ محمدی منتقل کرنے کے لیئے منتخب فرمایا تھا وہ تمام افراد صاحبِ ایمان تھے اور ایک مسلمان کے لئے ان کے ایمان پر شک کرنے کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔
علامہ نذیر احمد خان نے کہا کہ جب اللہ تبارک وتعالیٰ نے سب سے پہلے نورِ محمدی کو پیدا فرمایا تو اسی نور سے کائنات کی تخلیق کوپیدا فرمانے کا آغاز شروع کیا۔ فرمانِ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہے کہ سب سے پہلے اللہ تبارک وتعالیٰ نے میرے نور کو پیدا فرمایا اور میرے نور سے ہی چاند اور سورج کو روشنی عطا فرمائی اور میرے نور سے ہی ایک زمینی ٹکڑا پیدا فرمایا جہاں خانہ کعبہ ہے۔ خانہ کعبہ کی ازسرِنو تعمیر کے وقت حضرت ابراہیم علیہ السلام نے جتنی بھی دعائیں مانگیں اللہ تبارک وتعالیٰ نے انہیں شرفِ قبولیت بخشا ہے۔ حضرت ابراہیم علیہ السلام کی اپنی ذریت میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو مانگنا اور سیاہ کالے پہاڑوں کی وادی جہاں نہ کوئی انسان تھا اور نہ ہی کو ئی سایہ دار درخت تھا اس وادیِ مکہ کی آباد کاری کی دعا اور وہاں خوراک اور پھلوں کی فراوانی کے علاوہ یہ دعا کہ اے اللہ اس وادی کی طرف لوگوں کے دلوں کو موڑ دے۔ ان دعاوں کی قبولیت کے شاہد تو آج کے تمام انسان بھی ہیں۔ کیا یہ سب کچھ اللہ کے خلیل کی دعا کا معجزہ نہیں؟ منہاج القرآن انٹرنیشنل دی ہیگ کے زیر اہتمام ہر جمعہ کو بعد از نماز عشاء اس ہفتہ وار درسِ علم و ذکر میں علامہ حافظ نذیر احمد القادری کے خصوصی درس میں عوام کی کثیر تعداد شرکت کرتی ہے جہاں خواتین کے لئے الگ باپردہ نشستوں کا اہتمام ہوتا ہے۔
رپورٹ: امانت علی چوہان
تبصرہ