امریکہ: نیو یارک میں منہاج القرآن انٹرنیشنل کے زیر اہتمام میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس

نیو یارک میں منہاج القرآن انٹرنیشنل کے زیر اہتمام محفل نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم 26 جنوری 2014 بروز اتوار طیبہ اسلامک سنٹر نیو یارک میں منعقد کی گئی- محفل کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا جس کی سعادت طیبہ اسلامک سینٹر کے امام و خطیب قاری محمد یونس قادری نے حاصل کی۔ تلاوت کے بعد سلسلہ مدحت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم شروع کیا گیا۔ نقابت کے فرائض قاری محمد یونس قادری اور علامہ محمد شریف کمالوی ڈائریکٹر منھاج القرآن سنٹر نیو جرسی نے سر انجام دیئے۔

نعت خواں حضرات نے اپنے مخصوص انداز میں عقیدت کے پھول نچھاور کئے جن میں منظور الٰہی، محمد فاروق قادری، محمد اصغر چشتی، سجاد احمد بٹ، حاجی اعظم چشتی اور محمد سہیل قادری کے نام شامل ہیں۔ اس محفل میں مہمان خصوصی صدر تحریک منہاج القرآن نیو یارک خواجہ سید عمیر حسن اور صدر تحریک منہاج القرآن نیو جرسی محمد امجد تھے۔ ان کے علاوہ فاضل منہاج یونیورسٹی لاہور علامہ محمد اکرام صدیق، عرفان اشرف، طارق محمود ملک، حافظ عبدالقدیر، محسن ظہیر اور طیبہ اسلامک سنٹر کے دیگر منتظمین نے بھی بھرپور شرکت کی۔محفل میں عاشقان رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور یہ محفل نماز مغرب سے رات ساڑھے گیارہ بجے تک چلتی رہی۔

علامہ محمد شریف کمالوی نے اپنے مخصوص انداز میں ایک حمد بیان کی اور بعد ازاں واضح کیا کہ قران اور نعت کا کیا تعلق ہے؟ انہوں نے کہا کہ نعت دراصل قرآن کے ترجمہ اور تشریح ہی کا نام ہے۔ انہوں نے کہا کہ کلام کلام میں فرق ھوتا ہے، کلام سے ہی شاعر کا پتہ چلتا ہے کہ اسے قرآن کا کتنا علم ہے؟ انہوں نے قرآن کے مختلف مقامات سےآیات نکال نکال کر بیان کیں کہ کریم آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے چہرہ مبارک، زلفوں، پیشانی، آنکھیں، سینۂ اطہر، تن اطہر، ہاتھ مبارک، لباس مبارک، آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی گفتار مبارک اور آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے حسن مبارک کا ذکر قرآن میں کہاں کہاں کیا گیا ہے؟ محفل کے آخر میں ثنا خواں محمد اصغر چوہدری نے درود و سلام کا آغاز کیا اور تمام شرکاء نے جھوم جھوم کردرود و سلام پڑھا۔ بعد ازاں عالم اسلام اور ملک پاکستان کی سلامتی کی دعا کی گئ۔ محفل میں شرکاء کے لئے ضیافت میلاد کا وسیع انتظام تھا۔ محفل میں میڈیا کے ساتھی بھی تشریف لائے ہوئے تھے۔

رپورٹ: شرجیل احمد

تبصرہ