ہانگ کانگ: منہاج القرآن انٹرنیشنل کے زیر اہتمام عظیم الشان محفل نعت

منہاج القرآن انٹرنیشنل ہانگ کانگ کے زیر اہتمام مورخہ 04 جنوری 2014 کوربیع الاول کے سلسلہ میں عظیم الشان محفل نعت کا انعقاد کیا گیا اور ہر سال کی طرح شرکاء میں سے کسی ایک کو قرعہ اندازی کے ذریعے عمرہ کا ٹکٹ دینے کا فیصلہ کیاگیا۔

محفل کا باقاعدہ آغاز تلاو ت قرآن مجید سے ہوا جس کی سعادت جامع مسجد کولون کے سینیئر امام شعیب النوح نے حاصل کی۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل ہانگ کانگ کے صدر محمد سکندر باچہ نے استقبالیہ کلمات ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ مسلسل ساتویں محفل نعت ہے جس کااعزاز منہاج القرآن انٹرنیشنل ہانگ کانگ کو حاصل ہے۔عبدالحمید قادری، دین محمد ملک، زین عنصر، شاہد محمود، ارشد نعمانی، مطیع الرحمن، چاند خان، قادری قدرت اللہ سلطانی، حسن امام اور قاری صابر حسین صابری نے بارگاہ رسالتماب میں گلہائے عقیدت پیش کئے۔

مفتی محمد اسد صدیق نقشبندی نے نعت کی اہمیت اور حافظ محمد نسیم نقشبندی نے ایمان کے معیار کے موضوع پر گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے صحابہ کرام کے ایمان کو معیاربنایاہے۔ صحابہ کرام کے ایمان کامرکز ومحورآقاء دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات پاک تھی۔انہوں نے کہا کہ یہ عقیدہ رکھا جائے کہ اللہ تعالیٰ کے بعد سب سے افضل، اعلیٰ، اکرم، احسن واجمل ذات آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہے۔انہوں نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی قیادت میں تحریک منہاج القرآن اسی عقیدے کے فروغ کے لئے مصروف عمل ہے۔ قرعہ اندازی کے ذریعے محمد جبران کا عمرے کا ٹکٹ نکلا۔ نقابت کے فرائض حافظ محمد طیب شمیم نے انجام دیئے۔ محفل میں چیئرمین بورڈ آف ٹرسٹیز سعید الدین اور صدر پاکستان ایسوسی ایشن قمر زمان منہاس، جنرل سیکرٹری منہاج ایشیئن کونسل امجد نیاز، حاجی محمد نجیب کے علاوہ مختلف مکاتب فکر کے علماء اور عوام نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

رپورٹ: محمد نسیم نقشبندی

تبصرہ