جاپان: منہاج القرآن اور جاپان انٹرنیشنل پریس کلب کے زیر اہتمام ٹوکیو میں یوم قائد اعظم کا انعقاد

مورخہ 25 دسمبر 2014 کو منہاج القرآن انٹرنیشنل جاپان اور جاپان انٹرنیشنل پریس کلب کے اشتراک سے ٹوکیو کی مشہور ومعروف مسجد ٹوکیو جامعی کے خوبصورت ہال میں بابائے قوم محمد علی جناح کا یوم پیدائش جوش وخروش اور عقیدت احترام سے منایا گیا۔ پروگرام کی صدارت پریس کلب کے صدر چودھری شاہد رضا نے کی۔

پروگرام کا باقاعدہ آغاز ترک جامعی مسجد کے ترک نوجوان امام وخطیب محمد راشد الاس نے تلاو ت کلام پاک سے کیا جبکہ نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم عبدالرحمن صدیقی نے پیش کی۔ نقابت کے فرائض ناصر ناکا گاوا نے سرانجام دیئے۔ تقریب کے مہمان خصوصی سینیئر ترین پاکستانی حسین خان تھے۔ پروگرام میں عبدالرحمن صدیقی، منہاج القرآن کے ڈائریکٹر علامہ محمد شکیل احمد ثانی، محمد مشتاق قریشی، اصغر حسین، تھودا مسجد کے متولی ماتسوشیاتا عبداللہ، الطاف غفار، امین سجن، طیب خان، سید کمال حسین رضوی، سائیں سلیم شیرواور دیگر احباب نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علامہ شکیل احمد ثانی نے قائد اعظم محمد علی جناح کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ اگر پاکستان کے حکمران اور سیاستدان جناح کے افکار وتعلیمات پر عمل کرتے تو آج ملک پاک کی یہ حالت نہ ہوتی، اب اس ملک کے مقد رمیں انقلاب لکھ دیا گیا ہے جو انشاء اللہ شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہر القادری کی معیت میں آئے گا۔ قائد اعظم نے ہمیں ملک بنا کر دیا تھا اب ہم اس ملک کو ان لٹیروں، جاگیرداروں، سرمایہ داروں، بھتہ خوروں اور دہشت گردوں سے نجات دلا کر اس کو اس کی اصل صورت میں لائیں گے۔

تقریب کے اختتام پر چودھری شاہد رضا نے جملہ شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور مہمانوں کی چائے، سوپ اور انڈوں سے تواضع کی۔

رپورٹ: چودھری شاہد رضا (اردو نیٹ، جاپان)

تبصرہ