ناروے: منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیراہتمام کوئینز آف کربلا کانفرنس کا انعقاد

منہاج القرآن ویمن لیگ ناروے نے محرم الحرام میں ناروے بھر میں جہاں شہادت امام حسین علیہ السلام کے حوالے سے مختلف کانفرنسز کا انعقاد کیا وہاں منہاج القرآن انٹرنیشنل اوسلو ناروے میں خواتین کے لئے اپنی نوعیت کی منفرد کانفرنس کوئینز آف کربلا کانفرنس کا انعقاد کر کے نئی مثال قائم کر دی۔

کانفرنس کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام الہی سے ہوا، جس کی سعادت انعم بٹ صدر منہاج سسٹرز نے حاصل کی، منہاج سسٹرزکی شیما نعت کونسل نے بارگاہ رسالت مآب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں ہدیہ نعت پیش کی۔ اس کے بعد شہداء کربلا کی یاد میں شیما نعت کونسل،محترمہ رقیہ،محترمہ ثناء احمد نے ہدیہ منقبت پیش کی۔ نقابت کے فرائض عائشہ نثار جنرل سیکرٹری منہاج القرآ ن ویمن لیگ ناروے نےسر انجام دیے۔محترمہ عائشہ اقبال صدر منہاج القرآ ن ویمن لیگ نےاستقبالیہ کلمات ادا کرتے ہوئے تمام مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور اتنی بڑی تعداد میں خواتین اور بچیوں کی آمد پر اُن کا شکریہ ادا کیا اور شرکاء کانفرنس کو منہاج القرآ ن ویمن لیگ کے پروجیکٹس کا تعارف بہت خوبصورت انداز میں پیش کیا، خواتین کو منہاج القرآ ن ویمن لیگ کے قافلے میں شرکت کی دعوت دی۔

محترمہ تسمیعہ شفیع انفارمیشن سیکرٹری منہاج القرآ ن ویمن لیگ اوسلو ناروے نے حضرت سیدہ سکینہ رضی اللہ تعالی عنہا کا بیٹی کے روپ میں کردار کو بیان کیا۔محترمہ فاریہ اصغر نائب صدر منہاج القرآ ن ویمن لیگ اوسلو ناروے نے نارویحن زبان میں سیدہ زینب سلام اللہ علیہا کے انقلابی کردار کو بیان کیا۔ اس کے بعد محترمہ طاہرہ فردوس فاضلہ منہاج یونیورسٹی لاہور نے سیدہ شہر بانو سلام اللہ علیہا کے کردار کو بیان کرتے ہوئے کہا آج کے دور میں سیدہ شہر بانو سلام اللہ علیہا کا کردار ماوں،بہنوں اور بیٹیوں کے لئے رول ماڈل ہے۔ مشکلات کا صبر سے ڈٹ کر مقابلہ کرنے سے اللہ کی خاص رحمت کا نزول ہوتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کوئینزآف کربلا کانفرنس کے انعقاد کا بنیادی مقصد خواتین کو اسلامک کوئینز کے کردار سے روشناس کرانا ہے تاکہ ان کے پاکیزہ اور روشن کردار کی جھلک اور نمونہ ہماری زندگیوں میں بھی نطرآئے۔

اس کانفرنس میں ناروے کے تمام شہروں سے کثیر تعداد میں خواتین نے شرکت کی۔ سٹیج پر محترمہ تقویم صاحبہ، محترمہ راحیلہ اعوان، محترمہ ساجدہ بخاری، محترمہ ثناءاحمد، محترمہ خدیجہ اور دیگر مہمانان گرامی تشریف فرما تھیں۔ محترمہ چاند بی بی صائمہ نے اپنے مخصوص انداز میں سلام کا نذرانہ پیش کیا۔ محترمہ طاہرہ فردوس نے اختتامی دعا کرائی اوراسطرح آنسو، محبت اور دُعاوں کے ساتھ کانفرنس کا اِختتام ہوا۔ شرکاء کانفرنس کے لئے بہترین ضیافت کا اِنتظام تھا۔ کانفرنس کے بہترین نظم ونسق کے لیے محترمہ عائشہ اقبال صدر منہاج القرآ ن ویمن لیگ نے خصوصی کاوشیں کی اور اُن کے ساتھ محترمہ فاریہ اصغر،محترمہ تسمیعہ شفیع، محترمہ نائلہ اصغر، محترمہ عائشہ نثار، محترمہ طاہرہ فردوس، محترمہ امبر خان اور محترمہ چاند بی بی نے خصوصی تعاون کیا۔ محترم محمداصغر نائب صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل ناروے محترم علامہ محمد اِقبال فانی ڈائریکٹر منہاج القرآ ن انٹرنیشنل اوسلو ناروے نے اِنتظامی معاملات میں خصوصی تعاون کیا۔

رپورٹ۔ قیصر محمود

تبصرہ