(22 دسمبر ) منہاج پیس اینڈ اینٹی گریشن کونسل یونان کے زیراہتمام ایک عظیم الشان سالانہ کرسمس سیمینار مرکز منہاج القرآن انٹرنیشنل ریندی میں منعقد ہوا۔ جس میں وزارت مذہبی امور کے جنرل سیکریٹری یورگو کالانجی نے پروگرام میں خصوصی شرکت کی۔ علاوہ ازیں پاکستانی تنظیمات کی سرکردہ شخصیات، پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا، منہاج القرآن کی ذیلی تنظیمات کے صدور و ناظمین اور گریک کمیونیٹیز کے نمائندگان نے بھی شرکت کی۔
سیمینار کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا جس کی سعادت حافظ سفارش علی (خطیب مسجد و مرکز منہاج القرآن کیپسیلی) نے حاصل کی جبکہ حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سعادت ناصر اکبر قادری نے حاصل کی۔ نقابت کے فرائض چوہدری مدثر خادم سوہل(ناظم پیس اینڈ اینٹی گریشن کونسل یونان) نے ادا کئے اور آنے والے تمام معزز مہمانوں کو Welcome کیا۔ انہوں نے کرسمس سیمینار کے انعقاد پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی اس کاوش کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ اس پلیٹ فارم سے ہمیں دنیائے عالم میں امن اور مذہبی ہم آہنگی کا سبق ملتا ہے۔
اس موقع پر مختلف جماعتوں کے قائدین (پاکستانی، گریکی) نے مذہبی بھائی چارے، اخوت اور محبت کے پیغام پر اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا جن میں چوہدری عمران اللہ (اسلامک فورم یورپ)، محمد آصف کیانی (پاکستان تحریک انصاف)، چوہدری محمد شبیر دھامہ (پاکستان پیپلز پارٹی)، سکندر ریاض چوہان (چیف آدیٹر اجالا نیوز)، موسیٰ خان (وولڈ ٹیلی کام)، بانکہ چیمہ ایسوسی ایشن اور سید محمد جمیل شاہ (صدر پاک ہیلینک کلچرل اینڈ ویلفیئر سوسائٹی) نے اپنے خصوصی انداز میں یونان میں موجودہ مذہبی حالات پر تفصیلی روشنی ڈالی اور کہا کہ ان کی بہتری کے لئے اچھے اقدامات کی ضرورت کو پیش نظر رکھتے ہوئے ہمیں مثبت کردار ادا کرنا چاہیے اور یہاں کے قوانین کی پابندی کرنی چاہیے۔ وزارت مذہبی امور کے جنرل سیکریٹری یورگو کالانجی نے اپنے بیان میں کہا کہ ہماری مذہبی تعلیمات بھی ہمیں مختلف مذاہب کے ساتھ محبت اور انکی مذہبی آزادی کا درس دیتی ہے اس وقت یونان میں تقریباً 84 مذہبی جماعتیں ہیں اور ہماری پوری کوشش ہے کہ تمام کے ساتھ اچھے مذہبی روابت ہوں جس کی مثال یونان میں مسلمانوں کے لئے ایک وسیع و عریض قانونی طور پر مسجد کا قیام ہے اور ہم امید رکھتے ہیں کہ آئندہ بھی مسلم کمیونیٹی کے ساتھ ہمارے بہتر تعلقات رہیں گے اور بھائی چارے اور ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کی فضا قائم رہے گی۔
آخر میں غلام مرتضیٰ قادری (ناظم منہاج القرآن انٹرنیشنل یونان) نے تمام آنے والے معزز مہمانوں، منہاج القرآن کی ذیلی تنظیمات، مختلف پاکستانی تنظیمات کے قائدین، صحافی برادرری، تکبیر ٹی وی، مختلف گریکی تنظیمات کے قائدین، خاص کر یورگو کالانجی (جنرل سیکریٹری وزارت مذہبی امور) کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا جنہوں نے اپنی گوناں گوں مصروفیات سے وقت نکال کر خصوصی شرکت کی اور منہاج پیس اینڈ اینٹی گریشن کونسل یونان کے زیر اہتمام کرسمس سیمینار کو رونق بخشی اور اپنے خیالات اور بھرپور تعاون کی یقیں دہانی سے نوازا۔ اس کے بعد مہمانوں کی فریش منٹ کے لئے بھی خصوصی اہتمام کیا گیا۔ پروگرام کے انعقاد میں منہاج ویلفیئر فاونڈیشن اور منہاج یوتھ لیگ کے عہدیداران نے خصوصی تعاون کیا۔
رپورٹ: مرزا امجد جان
تبصرہ