منہاج القرآن انٹرنیشنل جاپان کے زیر انتظام مورخہ 13 نومبر 2013 کو جاپان کی سب سے بڑی امام بارگاہ میں شہادت امام حسین رضی اللہ عنہ کانفرنس منعقد ہوئی جس میں جاپان بھر سے اہل محبت نے شرکت کی۔ ٹوکیو، ناگویا، اباراکی کین، سائتاماکین، توچکی، یاشیوا اور گماکین سے اہل تشیع کی کثیر تعداد نے بھی پروگرام میں شرکت کی۔
تلاوت، نعت اور قصیدہ گوئی کے بعد علامہ محمد شکیل ثانی( ڈائریکٹر منہاج القرآن انٹرنیشنل، اباراکی کین جاپان) نے روح پرور خطاب کیا، ہر آنکھ پرنم تھی اشکوں سے پورا ماحول تر ہوگیا۔ انہوں نے شہداء کربلا کو خوب خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے واقعہ کربلا پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ حق اور باطل کا معرکہ تھا جس میں حق قیامت تک کے لئے امر ہو گیا اور لوگ اسے حسینیت کے نام سے یاد کرتے ہیں۔ آج پھر پاکستان کی دھرتی پر کربلا بپا ہونے جا رہا ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری اذان دے چکے ہیں اور نماز کی تیاری کا وقفہ ہے۔ حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ کے غلام جب سجدے میں سر رکھ دیں گے تو تب تک نہیں اٹھائیں گے جب تک مصطفوی انقلاب کا سویرا طلوع نہ ہو جائے۔
آخر پر علامہ محمد علی صالح نے بھی خطاب کیا جو کراچی سے جاپان آئے ہوئے تھے۔ اختتام پر تمام احباب نے اجتماعی طو ر پر آقاء دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں درود وسلام کا نذرانہ پیش کیا۔لنگر حسینی سے تمام احباب کی تواضع کی گئی۔
رپورٹ: اصغر علی بھنڈر (سیکرٹری جنرل MQIجاپان)
تبصرہ