منہاج القرآن انٹرنیشنل دی ہیگ کے زیر اہتمام مورخہ 27 نومبر 2013 کو عظیم الشان محفل ذکر ونعت و شہادت امام حسین کانفرنس منعقدہوئی جس میں منہاج القرآن کے رفقاء واراکین کے علاوہ پاکستانی کمیونٹی کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
محفل کا باقاعدہ آغازتلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت قاری محمد اصغر نے حاصل کی۔ محمد عمر، ظل حسن، نبیل گورایہ، حمزہ علی اور دیگر نعت خوانوں نے آقاء دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں گلہائے عقیدت پیش کی۔ محمد حفیظ قادری نے شہدائے کربلا کی شان میں منقبت پیش کی۔ نقابت کے فرائض قاری محمد اصغر نے ادا کئے۔ منہاج القرآن اسلامک سنٹر کے ڈائریکٹرعلامہ محمد احمد رضا نے شہادت امام حسین رضی اللہ عنہ کی اہمیت وفضیلت پر روشنی ڈالی اورمحبت اہل بیت پر زور دیا۔
سفیر یورپ علامہ حافظ نذیر احمد خان نے فلسفہ شہادت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ بعض ناعاقبت اندیش اور جاہل لوگ واقعہ کربلا کو دو شہزادوں اور اقتدار کی جنگ کہتے ہیں(نعوذباللہ) مگر شاید ان کو خبر نہیں کہ جب جنگ کرنے جایا جاتا ہے تو پھراپنے خاندان اور شیر خوار بچوں کو ساتھ نہیں لے جایا جاتا۔ اصل میں یہ اقتدار کی نہیں حق اور باطل کا معرکہ تھا جس میں حق کو فتح اور باطل کو قیامت تک کے لئے شکست اور رسوائی ملی۔ آقاء دوجہاں صلی اللہ علیہ نے فرمایا کہ حسین مجھ سے ہے اور میں حسین سے ہوں۔ جس نے میری اہل بیت سے محبت کی اس نے مجھ سے محبت کی۔ شہادت امام حسین کا پیغام محبت اور حق کا ساتھ ہے لہذا آؤ اپنے آقا سے محبت کا دم بھرنے والو! ان کی اہل بیت سے محبت کو اور جو سبق انہوں نے کربلا میں دیا اسی کو دہراتے ہوئے آج کے یزیدیوں کے خلاف ڈٹ جاؤ اور سیرت حسینی اپناؤ۔ کانفرنس کا اختتام دعائے خیر سے ہوا۔
رپورٹ:امانت علی چوہان
تبصرہ