چرچ آف استاوانگر (ناروے) کے وفد کا منہاج القرآن انٹرنیشنل سیکرٹریٹ کا دورہ

لاہور (26 نومبر 2013ء) ڈائریکٹوریٹ آف انٹرفیتھ ریلیشنز منہاج القرآن انٹرنیشنل کی دعوت پر چرچ آف استاوانگر ناروے (Menigheten Kristen Tjeneste) کے سینئر پاسٹر مسٹر (Trygve Brekke) ٹائرگیو بریکی تین افراد پر مشتمل نارویجن وفد ریورنڈ ڈاکٹر مرقس فدا چیئرمین گوسپل مشن کے ہمراہ منہاج القرآن انٹرنیشنل کے مرکزی سیکریٹریٹ تشریف لائے۔

مرکزی سیکرٹریٹ منہاج القرآن پہنچنے پر ناظم اعلی خرم نواز گنڈاپور، ڈائریکٹر انٹرفیتھ ریلیشنز سہیل احمد رضا، ڈائریکٹر نظامت امور خارجہ جی ایم ملک، ڈائریکٹر ایڈمن جواد حامد، ڈائریکٹر میڈیا قاضی فیض الاسلام، ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈمن مسٹر سعید اختر نے معزز مہمانوں کا استقبال کیا اور پھول پیش کیے۔ وفد کو سیکرٹریٹ کے مختلف شعبہ جات کا وزٹ کرایا گیا۔

اس موقع پر ناظم اعلی تحریک منہاج القرآن خرم نواز گنڈاپور نے معزز مہمانوں کو شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی قیادت میں منہاج القرآن انٹرنیشنل کی عالمی سطح پر قیام امن اور بین المذاہب رواداری کے فروغ کے لیے خدمات پر بریفنگ دی۔ بعد ازاں ڈائریکٹر انٹرفیتھ ریلیشنز سہیل احمد رضا نے معزز مہمانوں کو شیخ الاسلام کا دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف تاریخی فتویٰ کی کتاب پیش کی۔ وفد نے مینارۃ السلام (گوشہ درود) کا خصوصی طور پر وزٹ کیا۔

اس موقع پر مسٹر ٹریگولے بریک نے شیخ الاسلام کی بین الاقوامی سطح پر قیام امن، مذاہب کے مابین مکالمہ کے فروغ اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا۔

تبصرہ