منہاج القرآن دی ہیگ کے زیر اہتمام مورخہ 18 نومبر2013 کوشہادت امام حسین رضی اللہ عنہ کانفرنس منعقد ہوئی جس میں گرد ونواح سے بڑی تعداد نے شرکت کی۔ کانفرنس کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے ہوا۔
شہادتِ امام حسین رضی اللہ عنہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سفیرِعالم منہاج القرآن علامہ حافظ نذیر احمد القادری نے کہا کہ جب کسی معاشرے میں علماء کا طبقہ حکمران طبقہ اور امراء کا طبقہ کرپٹ ہو جاتا ہے تو معاشرے میں فرقہ واریت نااہل حکمرانی اور دولت کی غیر مساوی تقسیم عام ہوجاتی ہے جس کی وجہ سے معاشرہ تباہی اور تنزلی کا شکار ہوجاتا ہے ایسی صورتحال میں صرف حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ کے اسوہِ حسنہ کو اپنا کر ہی معاشرے کو بچایا جا سکتا ہے، کیونکہ کربلا کی گرم تپتی ہوئی ریت پر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ نے جو شعور اور پیغام امتِ محمدی کو دیا ہے وہ تاقیامت انسانیت کو امن اور سلامتی اور انصاف کی آواز بلند کرنے پر مجبور کرتا رہے گا آج پندرہ صدیاں گزرنے کے باوجود بھی وہ پیغامِ حسینت معاشرے کے یزیدوں کے لئے خطرہ بن کر ان کے سامنے سینہ سپر ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حضرت امامِ حسین رضی اللہ عنہ کی جدوجہد کوئی مسلح جدوجہد نہیں تھی اور نہ ہی حضرت امامِ حسین رضی اللہ عنہ نے کسی شہر پر قبضہ کیا تھا بلکہ وہ تو یزیدی نظام کے تحت مٹتی ہوئی اسلامی اقدار اور اپنے نانا کے دین کو بچانے کے لئے نکلے تھے۔ بالکل اسی طرح آج پاکستان کے موجودہ حالات جہاں حکمرانوں نے اپنی عیاشیوں اور نااہل حکمرانی سے عوام کے منہ سے روٹی کا نوالہ بھی چھین لیا ہے جس کی وجہ سے عوام میں انسانی اقدار تیزی کے ساتھ دم توڑ رہی ہیں ایسے حالات میں ڈاکٹر محمد طاہر القادری کربلا کے مسافر وں کی طرح وطن عزیز کی ڈوبتی ہوئی کشتی کو ساحلِ مراد تک پہنچانے کے لئے میدان میں اتر چکے ہیں اور پاکستان کے عوام کی آواز بن چکے ہیں انشاء اللہ بہت جلد عوام کے غصب شدہ حقوق عوام کو لوٹا دیئے جائیں گے اور وقت کے یزیدوں کو شکست دینے کے لئے ہر شخص کو ان کا ساتھ دینا ہوگا۔اپنے خطاب کے آخر میں علامہ حافظ نذیراحمد القادری نے خانوادہِ اہل بیت کو زبر دست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے اللہ عزوجل کے حضور شہدائے کربلا کے لئے خصوصی دعائیں مانگیں۔ کانفرنس سے علامہ احمد رضا نقشبندی علامہ اصغر القادری اور صدر منہاج القرآن چوہدری خالد محمود نے بھی خطاب کیا۔
رپورٹ: امانت علی چوہان
تبصرہ