مورخہ 27اکتوبر 2013ء بروز اتوار، منہاج القرآن انٹر نیشنل لوگرونیو (سپین) کے زیر اہتمام امن سیمینار مقامی بلدیہ کے کانفرنس ہال میں منعقد ہوا جس میں لوگرونیو کے علاوہ دیگر شہروں جن میں بارسلونا ، بُرگوس، بیتوریا، بلباؤ،ثارا گوثا اور سن سیباستیان سے شرکاء نے شرکت کی۔ پروگرام میں منہا ج القرآن بارسلونا کی نمائندگی منہاج مصالحتی کونسل کے صدر محمد اقبال چوہدری، منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کے سنیئر نائب صدر ظل حسن قادری، محمد نواز قادری، خرم شبیر قادری اور احسن جاوید خان نے کی۔
پروگرام کاباقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت حافظ محمد خلیل نے حاصل کی جس کے بعد منہاج یوتھ لیگ کے شاداب بشیر ساہی، محمد داؤد، محمد عثمان اور حافظ امین الدین چشتی نے بارگاہ سرور کونین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں ہدیہ نعت کے پھول نچھاور کیے، سیمینار میں نقابت کے فرائض حافظ غلام مجتبیٰ اُندلسی نے سر انجام دیے۔ منہاج مصالحتی کونسل سپین کے صدر محمد اقبال چوہدری نے اپنے خطاب میں کہا کہ تحریک منہاج القرآن پوری دنیا میں دین اسلام کے پیغام امن کو صحیح معنوں میں لوگوں تک پہنچانے کے لیے کوشاں ہے، شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری پوری دنیا میں امن و سلامتی کے پیغام کو عام کر رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ ہمیں یہاں پر رہنے کے لیے یہاں کے قانون کو سمجھنا اور اس پر عمل کرنا ہو گا، ہمیں اپنے بچوں اور بچیوںکو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنا ہو گا، عدم برداشت کے رویوں کو ختم کرتے ہوئے سب کے احترام اور بھائی چارے کی فضا پیدا کرنا ہوگی۔
صدر اسلامی یونین لا ریوخا محمد طارق نے اپنے خطاب میں منہاج القرآن انٹر نیشنل لوگرونیو (سپین) کو امن سیمینار کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی اور عالم اسلام کے لیے خدمات پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کو خراج تحسین پیش کیا، انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں ایسی شخصیت کا وجود عالم انسانیت کے لیے کسی نعمت سے کم نہیں ہے۔ امیر منہاج القرآن لوگرونیو، علامہ صفدر مجید قادری نے اپنے خطاب میں کہا کہ اسلام امن و سلامتی کا دین ہے جو نہ صرف انسانوں بلکہ جانوروں کے حقوق کے تحفظ کا بھی درس دیتا ہے، دہشت گردی کی اسلام میں کوئی گنجائش نہیں ہے، دہشت گردوں کا اسلام بلکہ انسانیت سے دور کا کوئی تعلق نہیں ہے، انہوں نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی شبانہ روز محنت سے آج منہاج القرآن انٹرنیشنل دنیا کے 90 سے زائد ممالک میں اسلام کے پیغام امن کو پھیلانے میں کوشا ں ہے۔ سیمینار کے اختتام پر ظل حسن قادری اور محمد اقبال چوہدری نے منہاج القرآن لوگرونیو کے صدر میاں عبدالمنان، امیر علامہ صفدر مجید قادری اور غلام مجتبیٰ اندلسی سمیت دیگر عہدیداران کو کامیاب سیمینار کے انعقاد پر خصوصی مبارک باد پیش کی۔
رپورٹ : غلام مجتبیٰ اندلسی۔ مرتب : نوید احمد اندلسی
تبصرہ