ہالینڈ: منہاج القرآن دی ہیگ کی نئی عمارت میں ویمن لیگ کے زیر اہتمام منہاج لیڈیز ایونٹ کا انعقاد

دی ہیگ: دیار غیر میں پاکستانی ثقافتی ماحول کو اُجاگر کرنے کیلئے منہاج لیڈیز ایونٹ کا اہتمام تحریک منہاج القرآن دی ہیگ کی نئی عمارت میں منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیر اہتمام کیا گیا۔ پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے مدیحہ احمد نے اپنی خوش لحن آواز میں کیا اور بارگاہ رسالت ماب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں گلہائے عقیدت پیش کرنے کی سعادت منہاج سسٹرز نے حاصل کی جبکہ پروگرام کی نظامت کے فرائض سسٹر سارہ اقبال نے بخوبی انجام دیئے۔

منہاج القرآن ویمن لیگ کی صدر شبانہ باجی نے مائیک پر استقبالیہ کلمات ادا کرتے ہوئے سب خواتین کو منہاج القرآن کی نئی عمارت میں خوش آمدید کہا اور سب مہمانوں کا خیر مقدم کیا۔ اس رونق بھرے ایونٹ میں باجی سمیرا فیصل جو خصوصی طور پر اس پروگرام میں شرکت کیلئے بیلجیئم سے تشریف لائی تھیں (اسلام میں عورتوں کے حقوق) کے موضوع پر بڑے مدلل دلائل کے ساتھ خطاب کیا۔ جسے شرکاء نے بہت پسند کیا۔ منہاج سسٹرز کی رکن تابندہ محمود نے منہاج القرآن سسٹرز لیگ کے بارے شرکاء کو بریفنگ دی، اس کے علاوہ مستقبل میں اس نئی عمارت میں منہاج سسٹرز کے منصوبہ جات کے معتلق بھی آگاہ کیا۔

تقریب میں چائلڈ کارنر بچوں کی بھرپور توجہ کا مرکز رہا جہاں بچوں نے اسلامی کارٹون فلم بڑے انہماک سے دیکھی اور خوب انجوئے کیا۔ اس کے علاوہ چہرہ پینٹنگ، ڈرائنگ اور دیگر کھیلوں میں گہری دلچسپی کے ساتھ مصروف رہے اور اپنا دل بہلاتے رہے اس دوران مدرز نے چائلڈ کارنر کے انتظامات کو سراہا۔

لیڈیز ایونٹ میں لگائے گئے مختلف پاکستانی انواع و اقسام کے لذیذ کھانوں کے اسٹالز سے تقریب میں شریک شرکاء خوب لطف اندوز ہو رہے تھے دریں اثناء پاکستانی کھانوں کو خوشبو فضاء کو خوب معطر کر رہی تھی اور ٹھنڈی قلفی اور گرما گرم کشمیری چائے کے اسٹالز تقریب میں اپنا رنگ بکھیر رہے تھے، علاوہ ازیں مہندی لگانے کے اسٹال پر خواتین نے گہری دلچسپی کا اظہار کیا، اس کے علاوہ پاکستانی ثقافتی اشیا، اسلامی مبلوسات، جوتوں اور جیولری کے اسٹالز پر شرکاء نے بھرپور خریداری بھی کی اور اس موقع پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی کتب و سی ڈیز کا اسٹال اپنی مثال آپ تھا جہاں شیخ الاسلام کی لکھی کتب اور قرآن و حدیث کے مختلف زبانوں میں مترجم کتابوں کو بڑی خوبصورتی سے سجایا گیا تھا۔ یاد رہے ایونٹ کے دوران شرکاء نے تقریب کی شاندار کامیابی اور نئی عمارت میں شفٹ ہونے پر منہاج ویمن اینڈ سسٹرز کو ڈھیروں مبارکباد دی۔

تبصرہ