رمضان المبارک کی بابرکت مجالس کے سلسلہ میں ہونے والے پروگراموں میں پرعزم، عقیدت واحترام کے ساتھ وابستگان ادارہ منہاج القرآن اور دیگر مکاتب فکر لوگوں کی شرکت مغربی دنیا میں بہت اہم ہے اور ہم جیسے مسلمان اس بات کو قابل فخر اور خوش آئند قرار دینے میں مسرت محسوس کرتے ہیں کیونکہ اس طرح کی دینی مجالس کے انعقاد سے ایک مثبت اور نیک عمل دیکھنے کو ملتا ہے۔ جہاں ایک طرف مغرب کے آزاد خیال معاشرے کی برائیاں ہماری مذہبی، معاشرتی، اخلاقی اور ثقافتی قدروں پر کسی نہ کسی شکل میں اثر انداز ہونے کی کوششوں میں مصروف رہتی ہیں اور یقینا اس کے منفی اثرات ہماری فیملیز پر تیزی کے ساتھ مرتب ہو رہے ہیں جس سے ہماری نوجوان نسل بے راہ روی کا شکار ہو کر ایک آزاد دنیا کے رکن بنبے میں فخر محسوس کرتی ہے۔
اگر ہم اس سارے عمل کا غیر جانبدارنہ تجزیہ کے ساتھ جائزہ لیں تو اس کی بنیادی وجہ والدین کی غفلت اور کوتاہیوں کا عمل دخل نظر آئے گا جنہوں نے اپنی اولاد کی مغربی دنیا میں کل کی فکر اور سوچ کے ساتھ دینی اخلاقی معاشرے اور ثقافتی لحاظ سے تربیت نہیں کی بلکہ والدین نے خود کو بھی اس مغربی معاشرے میں اس قدر مصروف کر لیا ہے کہ انہیں اپنے حقیقی فرائض کی ادائیگی کے لئے وقت نہیں مل رہا۔ تاہم اس سارے منفی عمل اور وجوہات کو ایک طرف رکھ کر اس کے دوسرے رخ پر توجہ کرنا چاہیے کہ مغربی یلغار اور اس کے منفی اثرات کے توڑ کے لئے دینی مجالس اور ادارہ منہاج القرآن کے پلیٹ فارم سے منعقد ہونے والے پروگراموں میں خاص کر وہ نوجوان جو بلوغت کی دہلیز سے اب جوانی کی سیڑھی پر قدم رکھ چکی ہے اس کی کثیر تعداد میں شرکت اس عزم کا اظہار کرتی نظر آتی ہے کہ وہ مذہبی، سیاسی، معاشرتی، ثقافتی اور اخلاقی اعتبار سے اپنی سمتوں کو درست رکھنے کے جذبات سے اپنے دلوں کو منور کر رہے ہیں۔ ادارہ منہا ج القرآن کے تربیتی عمل اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی آئیڈیالوجی سے ایک تبدیلی پیدا ہو رہی ہے جو آگے چل کر یقینی طور پر مغربی دنیا اور پاکستان میں ایک مصطفوی تبدیلی کا پیش خیمہ ثابت ہو گی۔
مذکورہ تبدیلی کا عملی مظاہرہ رمضان المبارک کے بابرکت مہینہ میں ادارہ منہاج القرآن روٹرڈیم میں منہاج القرآن یوتھ لیگ نے پورا مہینہ اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے دینی مجالس اور دیگر پروگراموں کو ایک منظم ڈسپلن کے ساتھ ترتیب دیا جس میں بالخصوص شام کو روزہ کھولنے اور اس کے بعد لوگوں کی اخلاقی تربیت کے لئے لیکچرز کا اہتمام اصلاح کا بہترین موقع فراہم کرتا رہا۔ اس طرح کی اخلاقی روحانی اور تربیتی نشستوں کا سہرا جہاں منہاج القرآن یوتھ لیگ کے سر ہے وہیں ڈاکٹر عابد عزیز خان اور یوتھ لیگ کے عہدیداران ذیشان نواز، آصف، اویس، عرفا ن عزیز خان، حاجی افتخار اور مظہر اقبال سرفہرست ہیں۔
رپورٹ: مظہر جاوید شوقی
تبصرہ