میڈیا کا منفی پراپیگنڈہ برطانوی امن پسند اکثریت کے لیے مشکلات
کا باعث بن رہا ہے۔
میڈیا سمیت تمام طبقات کو انتہاء پسند، بدامن اور مجرمانہ دہشت گردی کی سوچ رکھنے
والوں کا بائیکاٹ کرنا چاہیے: علماء کا مشترکہ اجلاس سے اظہار خیال
برطانوی میڈیا انتہاء پسندانہ سوچ کے لوگوں کی پشت پناہی چھوڑ کر اعتدال پسند دینی طبقے کی حوصلہ افزائی کرے میڈیا کا منفی پراپیگنڈہ برطانوی امن پسند اکثریت کے لیے مشکلات کا باعث بن رہا ہے۔ میڈیا سمیت تمام طبقات کو انتہاء پسند، بدامن اور مجرمانہ دہشت گردی کی سوچ رکھنے والوں کا بائیکاٹ کرنا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار ادارہ منہاج القرآن لندن میں ایسٹ لندن اور نیو اہیم کونسل کی مساجد کے مشترکہ اجلاس میں علمائے کرام نے کیا۔
وولچ کے اندوہناک واقعہ کے تناظر میں لائحہ عمل تشکیل دینے کے لیے منہاج القرآن کی جانب سے بلائے گئے اجلاس میں تمام مسالک کی مساجد کے علماء اور تنظیمی عہدیداران نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
مقررین نے برطانوی فوجی کو دہشت گردانہ واقعہ میں قتل کو مجرمانہ کاروائی قرار دیا اور کہا کہ ایسے مجرموں کا دین اور انسانیت دونوں سے تعلق نہں ہے۔ میڈیا کو بھی ان واقعات کو کسی مذہب اور رنگ ونسل سے منسلک کرنے کی بجائے مجرم اور مجرمانہ سوچ سے ہی نتھی کرنا چاہیے تاکہ اس مائنڈ سیٹ کی حوصلہ شکنی کے ساتھ ساتھ اس بنیاد پر ہونے والی دہشت گردی، انتہاء پسندی اور نسل پرستی کے ذمہ دار گروہ کی بیخ کنی کی جا سکے۔
یہ بحیثیت قوم سب کا مشترکہ فرض ہے کہ وہ امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے اپنی اپنی صفوں میں چھپے شرپسندوں کو منظر عام پر لانے کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مدد کریں حاضرین نے مشترکہ قرارداد کے ذریعے دہشت گردی کے شکار فوجی کے اھل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے اس واقعہ کی شدید مذمت کی اور ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچانے میں مکمل حمایت کی یقین دہانی کروائی۔
اجلاس میں خطبہ جمعہ میں اس موضوع پر خطابات، اجتماعی پٹیشن اور وولچ کے علاقہ میں مسلم کمیونٹی کی جانب سے امن واک کرنے پر بھی تبادلہ خیال ہوا اور انتظامات کے لیے مشترکہ کمیٹی تشکیل دی گئی۔
اجلاس میں اس امر پر بھی غور کیا گیا کہ غیر مسلموں کے لیے مساجد کے دروازے کھول کر انہیں معلومات تک رسائی کے مواقع مہیا کیے جا سکیں تاکہ ذہنوں میں پائی جانے والی غلط فہمیوں کا ازالہ ہو سکے۔
اجلاس میں لیٹن مسجد کے صابر حسین، احمد سلیمان، ایس حسین، نیو اہیم ڈرائیو پروجیکٹ کے خلیل احمد، جمعیت العلماء کے ڈاکٹر اشرف، ختم نبوت کے مولانا سہیل باوا، جامع مسجد فارسٹ گیٹ کے محمد رمضان، محمد افضل، مولانا جہانزیب، مولانا نیاز احمد، انجمن اسلامیہ کے عبدالرحمن، ختم نبوت مرکز کے محمد رفیق، محمد ذوالفقار، طارق شریف، سمیر دوودو والا، الکرم ٹرسٹ کے منظور حسین، علامہ ریاض پیرزادہ، حاجی منظور، والتھم فارسٹ اسلامک ایسوسی ایشن کے علامہ جنید عالم، عبدالرشید، منہاج القرآن کے امیر ظہور احمد نیازی، حافظ ذیشان قادری، محمد نوید قادری، داؤد حسین مشہدی اور غلام نبی نے شرکت کی۔
اجلاس میں شرکت پر منہاج القرآن کی جانب سے علامہ ذیشان قادری نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے برطانوی مسلمانوں کے لیے برطانیہ میں رہتے ہوئے معاشرے میں عملی کردار کی ادائیگی کے لیے قابل تحسین اقدام قرار دیا۔
رپورٹ: آفتاب بیگ
تبصرہ