شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے چھوٹے صاحبزادے اور صدر فیڈرل کونسل تحریک منہاج القرآن حسین محی الدین قادری نے آسٹریلیا کی معروف یونی ورسٹی Victoria University, Melbourne سے پی۔ ایچ۔ ڈی مکمل کر لی ہے۔ صاحبزادہ حسین محی الدین قادری کے انگریزی زبان میں لکھے گئے پی۔ ایچ۔ ڈی مقالہ کا موضوع ہے :
An Analysis of Trade Flows among Muslim Countries
and
Potential for Free Trade Area
آسڑیلیا کے معروف ماہر معیشت Dr P. J Gunawardna صاحبزادہ حسین محی الدین قادری کے پی۔ ایچ۔ ڈی مقالہ کے نگران ہیں۔
ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے اپنے پی۔ ایچ۔ ڈی مقالہ میں پاکستان، ایران، ترکی اور نوآزاد وسطی ایشیائی ریاستوں کے معاشی اتحاد کا تجزیہ اور تقابل کرتے ہوئے ایک رول ماڈل تشکیل دیا ہے۔ انہوں نے یہ analysis درج ذیل تین مختلف جہات سے کیا ہے جو اپنی نوعیت میں ایک جداگانہ حیثیت رکھتا ہے:
1. Comprative Advantange Analysis
2. Trade Intensity Analysis
3. Gravity Model Analysis
مقالہ میں اِس بات کا جائزہ لیا گیا ہے کہ اسلام مسلم ممالک کے مابین معاشی اتحاد کا تقاضا کرتا ہے یعنی مسلم ممالک کے اتحاد کو معاشی زبان دی گئی ہے، جیسا کہ یورپی یونین وغیرہ کے معاشی بنیادوں پر اتحاد ہیں۔ مقالہ میں اِس معاشی اتحاد کے حوالے سے ایک عملی رول ماڈل بھی تشکیل دیا گیا ہے جسے عملی بنیادوں پر اختیار کر کے اُمت مسلمہ ترقی کے سفر پر گامزن ہو سکتی ہے اور ایک مؤثر معاشی طاقت کے طور پر ابھر سکتی ہے۔
گزشتہ ادوار میں اُمت مسلمہ کی معیشت اور ان کے معاشی اتحاد کے حوالے سے جتنی بھی studies کی گئی ہیں وہ کسی نہ کسی حد تک اس بات پر منتج ہوتی ہیں کہ مذہب کی بنیاد پر معاشی اتحاد بے سود ہے۔ وہ studies مسلمانوں کا معاشی اتحاد تجویز ہی نہیں کرتیں۔ یہ ایک المیہ ہے کہ اِس موضوع پر بہت کم قلم اٹھا یا گیا ہے اور اگر کسی نے کوشش کی بھی ہے تو اس نے مسلمانوں کے معاشی اتحاد کے خلاف ہی لکھا ہے۔ یہ مقالہ اس لحاظ سے بھی نمایاں اہمیت کا حامل ہے کہ اِس میں غیر جانب دارانہ تجزیہ کرتے ہوئے مذہب کی بنیاد پر مسلمانوں کے معاشی اتحاد کی ضرورت ثابت کی گئی ہے کیونکہ مسلمانوں کا معاشی اتحاد ایک قابل عمل (viable) اور مطلوب اَمر (desirable objective) ہے، جس کی آج کے دور میں اَشد ضرورت ہے اور جس پر عمل کرکے امت مسلمہ اپنا کھویا ہوا وقار پھر سے بحال کرسکتی ہے۔
شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کو اس عظیم کام یابی پر بہت مبارک باد پیش کی ہے اور آپ کی مزید ترقی و کام یابی کے لیے خصوصی دعائیں فرمائی ہیں۔
علاوہ ازیں امیر تحریک منہاج القرآن صاحبزادہ فیض الرحمٰن درانی، ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی، سینئر نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض، نائب ناظم اعلیٰ پبلک ریلیشنز جی ایم ملک، نائب ناظم اعلیٰ دعوت و تربیت رانا محمد ادریس قادری، دیگر قائدین و کارکنان تحریک منہاج القرآن نے صاحبزادہ ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کو اعلیٰ ترین اعزاز کے ساتھ ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کرنے پر خصوصی مبارک باد پیش کی اور ان کی مزید ترقی و کام یابی کے لیے خصوصی دعائیں کی ہیں۔
فرید ملّت رح رِیسرچ اِنسٹی ٹیوٹ (FMRi) کے جملہ اسٹاف خصوصا نائب ناظم اعلی ریسرچ شیخ عبد العزیز دباغ، ڈائریکٹر ریسرچ پروفیسر محمد نصر اﷲ معینی، ڈپٹی ڈائریکٹر ریسرچ محمد فاروق رانا اور سربراہ شعبہ عربی FMRi ڈاکٹر فیض اﷲ بغدادی نے ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کو اس مثالی کام یابی پر ہدیہ تبریک پیش کیا۔
تحریک منہاج القرآن کا یہ امتیازی وصف ہے کہ پندرھویں صدی ہجری کی اس تجدیدی و احیائی تحریک کے قیام کا خواب دیکھنے والے بھی ایک ڈاکٹر یعنی ڈاکٹر فرید الدین قادری تھے اور آپ کے صاحبزادے یعنی تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست اَعلیٰ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری بھی ڈاکٹر ہیں؛ اور اب آپ کے دونوں صاحبزادے یعنی صاحبزادہ حسن محی الدین قادری اور صاحبزادہ حسین محی الدین قادری بھی یکے بعد دیگرے ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کرچکے ہیں۔ بلاشبہ یہ اپنی نوعیت کی منفرد مثال ہے جس کا برصغیر پاک و ہند میں کوئی وجود نہیں۔
یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ صاحبزادہ حسین محی الدین قادری وکٹوریہ یونی ورسٹی ملبورن میں ’پوسٹ گریجوایٹ اسٹوڈنٹس‘ کے نمائندہ اور ’یونی ورسٹی سنڈیکیٹ‘ میں بورڈ آف اسٹڈیز کے بلا مقابلہ رُکن برائے سال 2010ء تا 2011ء بھی منتخب ہوئے تھے۔ قبل ازاں 2009ء میں انہوں نے یونی ورسٹی انتخابات میں حصہ لے کر اس عہدے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ لیکن اگلے سال 2010ء میں جب انتخابات کا اعلان ہوا تو اس عہدے کے لیے کل سات امیدوار میدان میں اترے مگر بقیہ تمام امیدواروں نے صاحبزادہ حسین محی الدین قادری کے حق میں دست برداری کا اعلان کر دیا۔
باری تعالیٰ ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کو خدمت اِسلام میں اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لانے اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے قائم کردہ مصطفوی مشن کو lead کرنے کی توفیق عطا فرمائے اور ان کی مدد و نصرت فرمائے۔ (آمین بجاہ سید المرسلین صلی اﷲ علیہ وآلہ وسلم)
Victoria University, Melbourne, Australia
تبصرہ