منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام مشرقی افریقہ میں اجتماعی قربانی اور مستحقین میں گوشت کی تقسیم

عید الاضحی سال 2012ء کے موقع پر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام پاکستان کے ساتھ ساتھ براعظم افریقہ کے مشرقی ملک صومالیہ کے مختلف شہروں میں اجتماعی قربانی کی گئی جن میں دارالحکومت موغا دیشوکے علاوہ Baidoa, Bakool, Shabelle, Lower اور Hiran شامل ہیں، جہاں ہزاروں افراد بھوک اور قحط سالی کی وجہ سے مختلف عالمی اداروں کی طرف سے قائم کئے گئے امدادی کیمپوں میں رہنے پر مجبور ہیں۔ اجتماعی قربانی منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر یورپ حافظ محمد اقبال اعظم (منہاجین) اور پراجیکٹ مینجر عدنان سہیل کی زیر نگرانی تکمیل پذیر ہوئی جو کہ یورپ سے خصوصی طور پر صومالیہ گئے۔

موغادیشو سے علامہ حافظ محمد اقبال اعظم (منہاجین) نے سیکرٹری جنرل MCB یورپ نوید احمد اندلسی سے ٹیلیفونک گفتگو میں بتایا کہ اجتماعی قربانی کا گوشت صومالیہ کے مختلف شہروں کے ساتھ ساتھ ایتھوپیا اور کینیا کے سرحدی علاقوں میں رہنے والے ہزاروں غرباء، مساکین میں بھی تقسیم کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ قربانی کے گوشت کی تقسیم سے مذکورہ علاقوں کے ہزاروں خواتین اور بچے مستفید ہوئے۔ قربانی کے گوشت کی تقسیم کے دوران غرباء کی بہت بڑی تعداد کے باجود منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی ٹیم نے انتہائی نظم کے ساتھ قطاریں بنوا کر گوشت تقسیم کیاتاکہ ہر ایک کو اس کا حصہ مل سکے۔ اس موقع پر مقامی رضا کاروں نے بھی ان کی ٹیم کے افراد کی معاونت کی۔

منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے پراجیکٹ مینجر عدنان سہیل نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ صومالیہ جیسے غیر محفوظ ملک میں اجتماعی قربانی اور قربانی کے گوشت کی مستحقین میں تقسیم سے ان کی ٹیم کے تمام افراد کودلی اطمینان، سکون اور خوشی محسوس ہو رہی ہے، انہوں نے اجتماعی قربانی میں حصہ لینے والے تمام افراد کا شکریہ بھی اد اکیا۔ انہوں نے بتایا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی ٹیم نے عید کے دن ایک یتیم خانے کا دورہ بھی کیا جہاں سینکڑوں بچوں کی کفالت کی جارہی ہے۔ ٹیم کے افراد نے ویاں ایک اونٹ قربان کیا اور وہاں موجود بچوں کے ساتھ کھانا کھایا اور عید کا سارا دن گذارا۔

منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن UK آفس ایڈمنسٹریٹر اجمل خان نے نوید احمد اندلسی سے ٹیلیفونک گفتگو میں بتایا کہ 2013میں منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن قحط زدہ مشرقی افریقی ممالک میں قربانیوں کی تعدادمیں اضافہ کیا جائے گا۔ انہوں نے براعظم یورپ اور شمالی امریکہ میں رہنے والے اپنے تمام معاونین کا خصوصی شکریہ ادا کیا جن کے بے مثال تعاون سے اجتماعی قربانی کی مہم کامیاب ہوئی۔

رپورٹ: نوید احمد اندلسی

تبصرہ