صدر پاکستان کا عہدہ غیرسیاسی ہونا چاہیئے، افواج پاکستان اور آئین پاکستان کی حقیقی نگرانی اور ترجمانی صدر پاکستان کا فرض اولین ہے، ان خیالات کا اظہار منہاج القرآن انٹرنیشنل کے بانی وسرپرست اعلیٰ شیخ الاسلام ڈٓاکٹر محمد طاہرالقادری نے مورخہ 26 جون 2012ء کو لند ن میں روزنامہ جنگ سے خصوصی گفتگو کے دوران کیا۔
شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے پاکستان کے موجودہ حالات کے بارے میں پوچھے گئے سوال پر کہا کہ سیاسی جماعتوں کی قیادت نے پسی ہوئی عوام کو سخت مایوس کیا ہے، اہل اقتدار نے عوامی مشکلات کی بجائے اپنی ذاتی ومعاشی خوشحالی پر توجہ مرکوز رکھی۔ موجودہ انتخابی نظام کو تبدیل کئے بغیر ملک کو ترقی وخوشحالی کی راہ پر ڈالنا مشکل ہے کیونکہ موجودہ نظام انتخاب اسلامی تصور نمائندگی اور تصور خلافت کے سراسر خلاف ہے۔ مشرف دور میں سب کا کہناتھا کہ مشرف کوچلے جانا چاہیئے اب زرداری کے جانے کا مطالبہ کیا جارہا ہے، لیکن سب اس بات کو ذہن نشین کر لیں کہ جب تک یہ نظام نہ گیا اور نیا انتخابی نظام رائج نہ کیا گیا تو کسی کے بھی آنے جانے سے کوئی فرق نہیں پڑے گا۔
شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا کہ پاکستانی عوام کا سب سے بڑا دشمن اس ملک کا انتخابی نظام ہے، پانچ سے بیس کروڑ ورپے لگا کر اسمبلی میں پہنچنے والے کس طرح ملک میں تبدیلی لاسکتے ہیں، جو بھی سیاسی پارٹی اس نظام کا حصہ بن کر اسے مضبوط کرے گی یہ نظام اسے کھا جائے گا اور اچھی نیت کے باجود یہ نظام انہیں عوام کی بہتری کے لئے کچھ نہیں دے گا، موجودہ نظام انتخاب کو جڑسے اکھاڑ پھینکنے کا وقت آچکا ہے۔ سیاستدان نئے انتخابات جبکہ پاکستانی عوام نئے انتخابی نظام کا مطالبہ کر رہے ہیں کیونکہ موجودہ نظام کے تحت پچاس انتخابات بھی پاکستان میں تبدیلی نہیں لاسکتے۔
مزید براں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے لندن میں برطانیہ بھر سے آئے سینکڑوں کارکنوں کے اجلاس سے بھی خطاب کیا، انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن کے کارکن اسلامی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر اپنی زندگیوں کو مغربی معاشرہ میں ایسے مدغم کر دیں کہ ان کے اخلاق وکردار سے ان کا مسلمان ہونا ظاہر ہو، انہوں نے کہا کہ ایسے والدین جو ساری زندگی اپنی کمزوریوں کا ذمہ دار دوسروں کو ٹھراتے ہیں بچوں کی تربیت کے سلسلہ میں اپنی روش کو بدلیں۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا کہ اسلامی لٹریچر کی انگریزی زبان میں عدم دستیابی کا بہانہ بنانے والے والدین کے لئے برطانیہ سمیت پورے یورپ میں دینی تعلیمات کتابی اور آڈیو، ویڈیو کی شکل میں منہاج القرآن کے پلیٹ فارم سے دستیاب ہیں اب ان سے فوائد حاصل کرنا اور بچوں کی بہتر تربیت کے مواقع فراہم کرنا والدین کی اپنی ذمہ داری ہے۔ گھریلو ماحول بچوں کی تعلیم وتربیت پر مرکزی اثرات ڈالتا ہے۔ اپنے ظاہروباطن کو اسلامی تعلیمات کے مطابق ڈھالا جائے، تمام مشکلات خود بخود حل ہوجائیں گے۔
کارکنوں کے اجلاس میں علامہ محمد افضل سعیدی، ظہور احمد نیازی، علامہ محمد صادق قریشی،ڈاکٹر زاہد اقبال، علامہ محمد اشفاق عالم قادری، ڈاکٹر رحیق احمد عباسی، علامہ اخلاق مبارک، علامہ عبدالسعید، علامہ جنید عالم قادری، ابو آدم الشیرازی، حاجی محمد اسلم، حاجی محمد یونس اور طاہر محمد نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں باہمی اتفاق رائے سے آئندہ دوسال کے لئے علامہ محمد افضل سعیدی کو منہاج القرآن انٹرنیشنل برطانیہ کا مرکزی صدر چنا گیا۔
رپورٹ: آفتاب بیگ
تبصرہ