منہاج القرآن انٹرنیشنل ہانگ کانگ کے زیراہتمام مورخہ 30 جولائی 2008ء کو کھوائی چُنگ میں عظیم الشان معراجِ مصطفیٰ کانفرنس منعقدہوئی۔ اس پروگرام کا اہتمام منہاج القرآن اسلامک سینٹر کھوائی چنگ نے کیا تھا۔ صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل ہانگ کانگ ایم آئی ایس باچہ، منہاج القرآن انٹرنیشنل ہانک کانگ کے ڈائریکٹر علامہ حافظ محمد نسیم نقشبندی اور دیگر قائدین تحریک بھی معزز مہمانوں میں شامل تھے۔ عوام کی کثیر تعداد بھی پروگراموں میں شریک تھی۔ نماز عشاء کے بعد کانفرنس کا آغاز تلاوتِ قرآنِ مجید سے ہوا جس کی سعادت جنوبی افریقہ سے آئے ہوئے قاری عبد الرزاق نے حاصل کی۔ حافظ شیر افضل اعوان اور حافظ عدنان سیالوی نے اپنے مخصوص انداز میں بارگاہِ رسالت مآب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں عقیدت کے پھول نچھاور کئے۔
نعت خوانی کے موقع پر حاضرین میں بھرپور کیف و سرور کے ساتھ محفل کا رنگ دوبالا کر دیا۔ علامہ حافظ محمد نسیم نقشبندی نے معراج النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے موضوع پر خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ معراج کی شب تاجدارِ کائنات صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو بارگاہِ الوہیت سے جہاں صلوٰۃ (نماز) کا تحفہ ملا وہیں "السلام علیک ایھا النبی" کی صورت میں سلام کا تحفہ بھی عطا ہوا۔ لہٰذا جو اللہ تعالیٰ کی نماز پڑھے تو اس پر ضروری ہے کہ وہ مصطفےٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر سلام پڑھے کیونکہ خدا اس وقت تک صلٰوۃ (نماز) قبول نہیں کرتا جب تک اس کے محبوب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر سلام نہ پڑھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ خدا کی تعریف کی سب سے اعلیٰ صورت یہ ہے کہ اس نے اپنے محبوب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو جو عظمتیں عطاء کی ہیں تو انہیں بیان کیا جائے۔ یہ سنتِ مصطفےٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم بھی ہے۔ علامہ حافظ نسیم نقشبندی نے آخر میں کہا کہ تحریک منہاج القرآن دنیا بھر میں میلاد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے پیغام کو عام کر رہی ہے۔ اس کے لیے ہمارے روز و شب تحریک منہاج القرآن کے لیے ہیں۔
تقریب کے اختتام پر صلوٰۃ و سلام اور دعاء کے ساتھ محفل کا اختتام ہوا۔ پروگرام کے اختتام پر حاضرین کے لئے تبرک کا خصوصی انتظام کیا گیا تھا۔ حافظ تنویر حسین شاہ نے سٹیج سیکرٹری کے فرائض انجام دیئے۔
تبصرہ