منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈنمارک کے زیر اہتمام مورخہ 04 فروری 2102ء بروز ہفتہ Bispevej کے نئے اور خوبصورت ہال میں سالانہ عظیم الشان میلادا لنبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس2012ء منعقد ہوئی جس میں مرد وخواتین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
میلادالنبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے مبارک موقع پر منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈنمارک مرکز کے در ودیوار کو خوبصورت برقی قمقموں سے سجایا گیا۔ مسجد کے ہال اور خواتین کے ہال کی آرائش اور سٹیج کی سجاوٹ کا منظر دیدنی تھا۔ تمام حاضرین اور بچوں کے چہروں پر خوشی اور فرحت کے آثار تھے۔ کانفرنس کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام مجید سے ہوا جس کی سعادت قاری محمد ندیم اخترنے حاصل کی۔ کانفرنس کی نقابت کے فرائض فیض رسول نے سرانجام دیئے ۔جبکہ ڈینش زبان میں محمد ضوریزخوشدل نے بھی اپنے فن نقابت کے جوہر دکھائے۔ راجہ محمد یٰسین، معظم بٹ، محمد جمیل قادری اور اعجاز احمد قادری نے آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں گلہائے عقیدت پیش کئے ۔ کانفرنس میں ڈنمارک کی تمام مرکزی انتظامیہ اور کوپن ہیگن کے تینوں مراکز کی انتظامیہ نے شرکت کی۔
کانفرنس میں ڈنمارک بھر سے علماء کرام نے بھر پور شرکت کی جس میں علامہ سید محمود شاہ، علامہ عبدالستار سراج، علامہ قاری ظہیر احمد، علامہ نفیس احمد اور علامہ اویس قادری قابل ذکرہیں۔کانفرنس کی خصوصیت یہ تھی کہ اس میں ڈاکٹر ندیم عاصم اورسیف الاسلام نے ڈینش زبان میں میلادالنبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی اہمیت پر گفتگو کی۔کانفرنس کی صدارت علامہ حافظ محمد اقبال اعظم ( ڈائریکٹر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن یورپ) تھے۔ انہوں نے پروگرام میں اپنا کلام بھی پیش کیااور حاضرین سے داد و تحسین وصول کی۔ مقامی نعت خوانوں کے بعد برطانیہ کے مشہور نعت خوان میلاد رضا قادری نے تاجدار کائنات صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی مدح سرائی کی۔
کانفرنس میں خصوصی خطاب علامہ حافظ محمد اقبال اعظم ( ڈائریکٹر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن یورپ) نے اردو اور پنجابی میں حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شان میں آپ کے خصائص اور اخلاق حسنہ پر روشنی ڈالی، انہوں نے آخرمیں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کا تعارف کراتے ہوئے حاضرین کو آغوش کے پراجیکٹ کے بارے میں معلومات فراہم کیں۔اس کے بعد منہاج نعت کونسل ڈنمارک نے مختصرمحفل ذکر کی جس کا آغاز درود شریف سے کیا گیااور آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں سلام پیش کیا گیا۔علامہ نور احمد نور( ڈائریکٹر منہاج القرآن انٹرنیشنل، ناروے)نے خصوصی دعا کرائی جس سے ہر آنکھ پرنم تھی۔ کانفرنس کے بعد باجماعت نماز عشاء ادا کی گئی۔اختتام پر ضیافت میلاد پر ضیافت کا وسیع انتظام کیا گیا اور سرور کائنات کی ولادت کی خوشی میں کیک بھی کاٹا گیا۔
رپورٹ:فیض رسول
تبصرہ