منہاج القرآن انٹرنیشنل ساؤتھ کوریا کے زیر اہتمام مورخہ 19 فروری 2012ء کو منہاج اسلامک سنٹر میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی 61 ویں سالگرہ منائی گئی جس میں تحریک منہاج القرآن کے عہدیداران، رفقاء، کارکنان کے علاوہ مختلف سیاسی، مذہبی اور سماجی شخصیات نے شرکت کی۔
تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کے بعد آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں ہدیہ نعت پیش کی گئی۔ منہاج ایشیئن کونسل کے امیر محمد جمیل چودھری نے قرآن وحدیث کی روشنی میں ولادت مصطفی پر خوشی منانے کا اجر وثواب اور اللہ کے نیک بندوں کا تذکرے کرنے کو بیان کیا۔انہوں نے بانی وسرپرست اعلیٰ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی امت مسلمہ کے لئے کی جانے والی خدمات کا تذکرہ بھی کیا۔انہوں نے بتایا کہ اس وقت پوری دنیا میں اسلام امن، محبت اور باہمی رواداری کے طور پر پیش کرنے کے لئے وہ شب وروز مصروف عمل ہیں۔
محمد جمیل چودھری نے شرکائے تقریب کوشیخ الاسلام کی تعلیمات، فکر اور منہاج القرآن کے ساتھ وابستہ ہونے کی دعوت دی۔ پروگرام کے اختتام پر سالگرہ کاکیک کاٹا گیا، درود وسلام کے بعد علامہ محمد نسیم نقشبندی نے دعا کرائی اور مہمانوں کو کھانا پیش کیا۔
رپورٹ: محمد فاروق
تبصرہ