منہاج القرآن یوتھ لیگ کے زیراہتمام مورخہ 11 فروری 2012ء کو بارسلونا کے تاریخی میوزیم Museu Maritim کے ہال میں میلاد سیمینار 2012ء منعقد کیاگیا جس کی صدارت منہاج یوتھ لیگ سپین کے صدر احسن جاوید خان نے کی۔ اس تقریب میں مہمان خصوصی منہاج یورپین کونسل کے امیر علامہ حسن میر قادری تھے۔ سرپرست منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین محمد نوا زکیانی، صدر محمد اکرم بیگ، سیکرٹری جنرل نوید احمداندلسی اور صدر منہاج مصالحتی کونسل محمد اقبال چودھری نے پروگرام میں شرکت کی۔
تقریب کا آغاز قرآن پاک کی آیات بینات سے ہوا جس کی سعادت حافظ محمد بلال نے حاصل کی، اس کے بعد منہاج نعت کونسل کے ممبران نے حافظ محمد عاطف احتشام کے ساتھ مل کر نبی رحمت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں ہدیہ عقیدت پیش کیا۔ نقابت کے فرائض حافظ محمد عمران نے سرانجام دیئے۔ منہاج یوتھ لیگ سپین کے صدر احسن جاوید خان نے پروجیکٹر سکرین کے ذریعے منہاج یوتھ لیگ سپین کے تحت ہونے والی سرگرمیوں کے بارے میں بریفنگ دی۔
نوجوان سکالرمحمد عرفان رضا (Lleida) نے میلاد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے تصور قرآن وحدیث کی روشنی میں خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے میلاد کا ذکر انسان کی تخلیق سے قبل اللہ تعالیٰ نے عالم ارواح میں انبیاء سے کیا۔ انہوں نے کہا کی قرآن حکیم میں انبیاء کرام کے ایام پیدائش کا ذکر ہے اور ان دنوں کو رب کائنات نے اپنے کلام کے اندر امن وسلامتی کے دن قرار دیا ہے، لہذا ہم بھی تمام انبیاء کے سردار محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا یوم پیدائش منا کر تمام انسانیت کو امن کا پیغام دیتے ہیں۔
سیکرٹری جنرل منہاج یوتھ لیگ سپین خرم شبیر قادری نے ہسپانوی زبان میں میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر گفتگو کی، انہوں نے کہا کہ ہم میلاد کا دن ا س لئے مناتے ہیں کہ ہم اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کریں کہ اس نے اپنی عظیم رحمت کو ہمارے لئے مبعوث کیا۔ انہوں نے نوجوانوں کو سیرت مطاہرہ کا مطالعہ کرنے اور اپنانے کی تلقین کی اور تمام نوجوانوں کو پیغام دیا کہ سیرت مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو اپنا کر اپنے کردار کے ذریعے اسلام کے بہترین مبلغ بنیں۔
منہاج یورپین کونسل کے امیر علامہ حسن میر قادری نے حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سیرت کو اپنے خطاب کو موضوع بناتے ہوئے قرآن و احادیث کی روشنی میں انبیاء کرام کی بعثت کا مقصد بیان کیا۔ انہوں نے کہا کہ تمام انسانوں کی حقیقی منزل اللہ تعالیٰ کی ذات ہے اور اس منزل تک پہنچنے کے لئے انسانوں کی راہنمائی کی خاطر اللہ تعالیٰ کے برگزیدہ بندے، انبیاء اور رسول اس دنیا میں تشریف لائے۔ یہ عظیم ہستیاں انسانیت کو ان کی حقیقی منزل تک پہنچانے کی راہ دکھاتی رہیں۔ انہوں نے کہا کہ مخلوق کو خالق تک پہنچانے کے عمل کا نام سیرت ہے، باقی تمام انبیاء جب اس دنیا میں تشریف لائے تب ان کی سیرت کا آغاز ہوا لیکن سرکار دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اس دنیا میں بعد میں تشریف لائے جبکہ آپ کی سیرت پہلے اس دنیا میں آئی۔
منہاج مصالحتی کونسل کے صدر محمد اقبال چودھری نے منہاج یوتھ لیگ سپین کی پوری ٹیم کو کامیاب میلاد سیمینار منعقد کرنے پر خصوصی مبارکباد پیش کی۔ پروگرام کے اختتام پر علامہ حسن میر قادری نے ملک وقوم اور امت مسلمہ کے لئے خصوصی دعا کروائی جس کے بعد تمام شرکا میں میلاد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی خوشی میں مٹھائی تقسیم کی گئی۔
رپورٹ: نوید احمد اندلسی
تبصرہ