منہاج القرآن انٹرنیشنل (بادالونا) سپین کے زیر اہتمام مورخہ 04 فروری 2012ء بروز ہفتہ کو عظیم الشان سالانہ محفل میلاد منعقد ہوئی جس میں بادالونا بھر سے مسلمانوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ محفل کے مہمان خصوصی منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے ممبر اور منہاج القرآن اسلامک سنٹر لندن (برطانیہ) کے ڈائریکٹر علامہ محمد صادق قریشی تھے جبکہ محفل کی صدارت منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کے سرپرست محمد نواز کیانی نے کی۔
محفل کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا جس کی سعادت منہاج اسلامک سنٹر بادالونا کے نائب امام حافظ محمد معروف نے حاصل کی، نقابت کے فرائض امیر منہاج القرآن انٹرنیشنل بارسلونا علامہ عبدالرشید شریفی نے سرانجام دیئے۔ محمد عمر، ارشد قادری، حافظ محمد ارشد، پاکستان ٹیلی ویژن کے معروف نعت خوان محمد قدیر احمد خان نے منہاج نعت کونسل کے ہمرا ہ اپنے منفرد انداز میں سروردوعالم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں ہدیہ عقیدت پیش کیا جس سے بادالونا کی فضا ذکر الٰہی اور درود وسلام سے گونج اٹھی۔
محفل کے مہمان خصوصی علامہ محمد صادق قریشی نے میلادالنبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے حوالہ سے خطاب کیا، انہوں نے نور محمدی کی تخلیق اور سرکار دوعالم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی پیدائش کے واقعات قرآن وحدیث کی روشنی میں بیان کئے۔ انہوں نے کہا کہ جب کسی کو حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے پیار ہو جائے تو اس کو کسی دوسرے سے پیار یا محبت کی ضرورت نہیں رہتی، جو نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت کرتا ہے وہ اللہ تعالیٰ سے محبت کرتا ہے اور اللہ تعالیٰ اس پر مہربان ہوگا۔ انہوں نے تمام حاضرین کو اسوہ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اپنانے، حسن سلوک اور پیار ومحبت سے پیش آنے کی تلقین کی۔
انہوں نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی شخصیت اور ان کے مشن کا پیغام اور دنیا بھر میں منہاج القرآن کے نیٹ ورک کے حوالہ سے بھی تعارف کرایا۔ محفل کااختتام درود وسلام اور ملک وقوم کے لئے خصوصٰ دعا سے ہواجس کے بعد لنگر کا وسیع انتظام کیا گیا تھا۔
رپورٹ: محمد رضوان کاظمی
تبصرہ