منہاج القرآن انٹرنیشنل لاکورنیو (فرانس) مرکز پر مورخہ 14 فروری 2012ء کو منہاج ٹی وی کے مینجنگ ڈائریکٹر شیخ ساجد فیاض کے نام سرپرائز ویلنٹائن ڈے تقریب کا انعقاد کیا جس کا اہتمام منہاج القرآن یوتھ لیگ فرانس نے کیا تھا۔ تقریب میں منہاج القرآن فرانس کی مجلس شوریٰ کے اراکین نے شرکت کی جس میں مرد و خواتین سب کی نمائندگی تھی۔
پروگرام کا آغاز سلمان اسلم نے قرآن پا ک کی آیات بینات سے کیا، حاجی محمد حنیف مغل اور منہاج نعت کونسل کے نوجوانوں فیضان اسلم اور شعیب اشفاق نے نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پیش کی۔ پروگرام کی نقابت منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن یورپ کے ڈائریکٹر علامہ حافظ محمد اقبال اعظم نے کی جبکہ پروگرام کی ترتیب اظہر صدیق اور اسد صدیق نے دی۔ تقریب کے مہمان خصوصی شیخ ساجد فیاض کی آمد پر تمام شرکاء نے کھڑے ہو کر استقبال کیا۔ پروگرام میں نقیب محفل علامہ حافظ محمد اقبال اعظم کی ہلکی پھلکی طنز و مزاح نے محفل کو چار چاند لگا دیئے۔ امیر منہاج یورپین کونسل علامہ حسن میر قادری، علامہ عبدالرازق اور ایگزیکٹو ممبران نے شیخ ساجد فیاض کو ویلکم کہتے ہوئے انہیں پھولوں کے ہار پہنائے۔ پروگرام میں شیخ ساجد فیاض سے ان کی ذاتی زندگی کے حوالہ سے سوالات پوچھے گئے، جن کے انہوں نے مختصر مگر نہایت جامع جوابات دیئے۔
تقریب کے دوران صدر سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل صاحبزادہ حسن محی الدین قادری، صدر فیڈرل کونسل منہاج القرآ ن انٹرنیشنل صاحبزادہ حسین محی الدین قادری، ناظم اعلیٰ منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر رحیق احمد عباسی اور سفیر یورپ علامہ حافظ نذیر احمد خان نے ٹیلی فون، ایس ایم ایس اور انٹرنیٹ کے ذریعے شیخ ساجد فیاض کی تحریک کے لئے پیش کی گئی خدمات اور قربانیوں کا ذکر کیا اور انہیں مبارکباد پیش کی۔ صاحبزادہ حسن محی الدین قادری نے اپنی گفتگو میں کہا کہ آج کا دن محبت، اخوت اور بھائی چارے کا دن ہے، اس دن منہاج یوتھ لیگ فرانس بالخصوص اظہر صدیق اور اسد صدیق نے شیخ ساجد فیاض کے لئے سرپرائز تقریب کا انعقاد کر کے جس خوشی کا اظہار کیا ہے وہ لائق مبارکباد ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج 14 فروری کا دن تجدید احیائے فکر منہاج کا دن ہے، ایسی ایکٹیوٹیز کو فروغ ملنا چاہیے بڑے بھی ایسے پروگرامز کا انعقاد کریں تاکہ آپس میں محبت وبھائی چارے کی فضا کو فروغ مل سکے۔
منہاج یورپین کونسل کے امیر علامہ حسن میر قادری اور منہاج القرآن فرانس کی شوریٰ کے ممبران نے شیخ ساجد فیاض کی شخصیت وتحریکی کاوشوں پر اپنے خیالات کا اظہار کیااور انہیں مبارکباد پیش کی۔کسی بھی تنظیمی وتحریکی پروگرام میں پہلی بار شیخ ساجد فیاض نے اپنا کلام سنایا۔ آپ کا پرسوز کلام اس وقت مزید پر سوز ہو گیا جب فرنچ مسلم ہارون بھائی نے آپ کے کلام کے ساتھ بانسری بجائی جس سے حاضرین محفل پر درد وفراق کی کیفیت طاری ہو گئی۔ منہاج یوتھ لیگ فرانس کی طرف سے مختصر سے محفل سماع کا بھی اہتمام کیا۔ اختتام پر شیخ ساجد فیاض نے اس سرپرائز ویلنٹائن ڈے تقریب منعقد کرنے پر جملہ تنظیمات، منہاج القرآ ن یوتھ لیگ اور بالخصوص اظہر صدیق اور اسد صدیق کا شکریہ ادا کیا۔ اختتامی دعا علامہ حسن میر قادری نے کرائی جس کے بعد جملہ شرکاء کو کھانا پیش کیا گیا جس کا اہتمام منہاج القرآن یوتھ لیگ (فرانس ) نے کیا تھا۔
رپورٹ: عدنان شفقت
تبصرہ