منہاج القرآن انٹرنیشنل ہانگ کانگ کے زیر اہتمام استقبال ربیع الاول کے سلسلہ میں مورخہ 21 جنوری 2012 کو بعد نماز عشاء جامع مسجد کولون کے کمیونٹی ہال میں عظیم الشان محفل نعت منعقد ہوئی۔ محفل میں حاضرین کے لئے بذریعہ قرعہ اندازی عمرہ کے ٹکٹ کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔ہانگ کانگ میں منہاج القرآن کے پلیٹ فارم سے اپنی نوعیت کی ایک منفرد محفل ہوتی ہے جس کا سارا سال پاکستانی کمیونٹی کو انتظار ہوتا ہے۔
محفل کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام مجید سے ہوا جس کی سعادت جامع مسجد کولون کے سینئر امام مولانا شعیب النوح نے حاصل کی۔ اس کے بعد ادارہ منہاج القرآن ہانگ کانگ کے صدر محترم باچہ صاحب نے استقبالیہ کلمات ادا کئے۔ انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن کے تحت یہ پانچویں سالانہ محفل نعت ہے جو اصل میں محبت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو اجاگر کرنے کا ایک ذریعہ ہے۔ محفل میں ارشد محمود، عبدالمجید، محمد بلال، دین محمد ملک، شفیق الرحمن، شاہد محمود، محمد یوسف، حافظ احمد صالح، تنویر حسین شاہ، حسن امام، قاری قدرت اللہ سلطانی اور صابر حسین صابری نے آقاء دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں نعت کی صورت میں نذرانہ عقیدت پیش کیا۔
محفل میں حاجی محمد نجیب، امجد نیاز، جاوید شہاب، جمیل راغبی، علامہ محمد رمضان سیالوی، مفتی محمد ارشد، اور مولانا شعیب النوح نے خصوصی شرکت کی۔ نعت خوانوں کی خدمت میں منہاج القرآن ہانگ کانگ کی طرف سے تحائف پیش کئے گئے جبکہ مہمانان گرامی کو شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کا فتوی دہشت گردی اور فتنہ خوارج پیش کیا گیا۔حافظ طیب شمیم نے محفل کی نقابت کے فرائض سرانجام دیئے۔
منہاج القرآن انٹرنیشنل ہانگ کانگ کے ڈائریکٹر علامہ حافظ محمد نسیم نقشبندی نے محفل نعت کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے منہاج القرآن کے پلیٹ فارم سے محافل و ضیافت میلاد کو ثقافتی سطح پر متعارف کرایا اور اسلاف کے طریق کو آج زندہ حقیقت میں تبدیل کر دیا ہے۔ منہاج القرآن شرق سے غرب تک محبت، امن کا پیغام عام کر رہی ہے اور اس کے ساتھ اتحاد امت ایک بڑا مقصدہے۔محفل نعت کے اختتام پر قرعہ اندازی کی گئی جس کے ذریعے انڈونیشیا سے تعلق رکھنے والی بہن کا عمرہ کا ٹکٹ نکلا۔ صلوہ وسلام کے بعد حافظ غلام فرید نے خصوصی دعا کرائی۔
رپورٹ: حافظ محمد نسیم نقشبندی
تبصرہ