بارسلونا سپین کے مقامی پولیس انچارج Xavier Creus نے مورخہ 11 جنوری 2012ء کو منہاج مصالحتی کونسل سپین کی خصوصی دعوت پر منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کے قائدین سے الوداعی ملاقات کی اس موقع پر ان کے ہمراہ نئے تعینات ہونے والے پولیس انچارج Enric Gracia بھی موجود تھے۔
منہاج اسلامک سنٹر بارسلونا پہنچنے پر منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کے صدر مرزا محمد اکرم بیگ، جنرل سیکرٹری نوید احمد اندلسی اور صدر منہاج مصالحتی کونسل سپین محمد اقبال چودھری نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر محمد نواز قادری (ناظم مالیات)، محمد اکرم اعوان (سیکرٹری ویلفیئر)، حافظ عبدالرزاق (چیف ایڈیٹر ڈیلی میزبان) اور شفقت علی رضا (چیف ایڈیٹر پاک نیوز) بھی موجود تھے۔
الوداعی ملاقات میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے Xavier Creus نے کہا کہ میں اس علاقے میں جب تک تعینات رہا تمام شہریوں سے قانون کے مطابق رویہ اختیار رکھا، خاص کر پاکستانی کمیونٹی میں جرائم کی شرح بہت کم ہے اور اس کی وجہ یہ بھی ہے کہ پاکستانی کمیونٹی محنتی اور جفاکش ہے۔ انہوں نے پاکستانی کمیونٹی کے مسائل اور ان کے حل کے لئے منہاج القرآن بارسلونا کی کوششوں کو سراہا۔ بعد ازاں نئے آنے والے پولیس انچارج Enric Gracia نے کہا کہ میری بھی یہی کوشش ہو گی کہ اپنے پیش رو کے مشن و طریقہ کار کو آگے جاری رکھوں کیونکہ پولیس بنیادی طور پر عوام کی حفاظت کا ادارہ ہے۔
الوداعی ملاقات کے آخر میں محمد اقبال چودھری نے دوران ڈیوٹی شہریوں کے لئے شاندار خدمات کے صلہ میں منہاج مصالحتی کونسل کی طرف سے Xavier Creus کو اعزازی شیلڈ پیش کی جس پر انہوں نے منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کے قائدین کا شکریہ ادا کیا۔
رپورٹ: نوید احمد اندلسی
تبصرہ