منہاج القرآن ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام مورخہ 08 جنوری 2012ء کو سردی میں سڑکوں پر رات گذارنے والے غریبوں اور بے سہاروں میں گرم کمبل اور کپڑے تقسیم کرنے کی مہم کا آغاز کیا گیا۔
منہاج القرآن انٹرنیشنل بنگلہ دیش کے جنرل سیکرٹری ابوالکلام کی زیر قیادت رات کو اندھیرے میں منہاج القرآن یوتھ لیگ کی ٹیم نے سڑکوں پر یخ بستہ سردی میں بغیر کمبل کے رات گذارنے والے افراد میں کمبل تقسیم کئے، اس کے علاوہ گرم کپڑوں اور کمبل کی تقسیم کی تقریب دوہا بازاری، چنوتی، دھرمپور، کرنل ہاٹ میں منعقد کی گئی۔ تقریب میں راشد محمود، ضیاء الرحمن، مولانا حسن، ریحان، مولانا ذاکر، مولانا شہید اللہ حسینی، مولانا رمیز احمد، شمس العارفین، توحید بھائی، محمد الیاس اور دیگر احباب نے شرکت کی۔
گرم کپڑوں اور کمبل کی تقسیم کی یہ تقریب منہاج القرآن یوتھ لیگ کے صدر سیف الاعظم بابرکی انتھک محنت اور کوشش سے پایہ تکمیل کو پہنچی اور اس میں نارتھ ایمپٹان میں بسنے والے منہاج القرآن کے کارکنان اوراہل سنت والجماعت کے متعلقین کا دلی تعاون اور مالی امداد سے مکمل ہوئی۔ بنگلہ دیش کے غریب عوام کو سردیوں میں گرم کپڑے اور کمبل تقسیم کرنے کی مہم کو عوام الناس میں خوب پذیرائی ملی۔ عوام نے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی جانب سے کی جانے والی کاوش کو خوب سراہا اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی فلاح وبہبود اور انسانی خدمت کے لئے کی جانے والی کاوشوں کی تعریف کی ۔
تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے منہاج القرآن انٹرنیشنل بنگلہ دیش کے جنرل سیکرٹری محمد ابوالکلام نے کہا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن غریبوں اور یتیموں کے ساتھ ہے اور ان کی خدمت کے لئے ہمہ وقت تیار ہے۔ ہمارے قائد کی تعلیمات میں عوام الناس کی خدمت اور ان کی فلاح وبہبود کو عباد ت سمجھ کر کرنا شامل ہے۔ انہوں نے آج کی اس تقریب میں منہاج القرآن کے کارکنان اور جماعت اہلسنت کے جملہ احباب کا شکریہ ادا کیاجنہوں نے اس فلاحی کام میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔
رپورٹ: ابوالکلام
تبصرہ