منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کی ذیلی تنظیم بادالونا کے زیر اہتمام مورخہ 03 دسمبر 2011ء بروز ہفتہ بعد نماز مغرب یوم عاشور کے سلسلہ میں خصوصی محفل منعقدکی گئی جس میں اہل علاقہ او ر بالخصوص نوجوانوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ محفل میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے شاگرد اور منہاج القرآن انٹرنیشنل لوگرونیو(سپین) کے امیر علامہ صفدرمجید قادری نے خطاب کیا۔
محفل کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا جس کی سعادت حافظ جبران اعظم کیانی نے حاصل کی، محمد طارق فاروق نے نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پیش کی جبکہ ریڈیو پاکستان اور پاکستان ٹیلی ویژن کے معروف نعت خواں محمد قدیر احمدخان نے اپنے مخصوص انداز میں بارگاہ امام حسین رضی اللہ عنہ میں ہدیہ منقبت پیش کیااور شرکائے محفل سے داد وصول کی۔ محفل میں نقابت کے فرائض نائب امام منہاج اسلامک سنٹر بادالونا حافظ محمد معروف نقشبندی نے سرانجام دیئے۔
محفل کے مہمان خصوصی علامہ صفدر مجید قادری(منہاجین) کو دعوت خطاب دی گئی جنہوں نے اپنی گفتگو میں فلسفہ شہادت امام حسین رضی اللہ عنہ اور مقام اہل بیت پرکلام باری تعالیٰ اور احادیث نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی روشنی میں تفصیلی گفتگو کی اور کہا کہ جس نے حسین رضی اللہ عنہ سے محبت کی اس نے حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت کی اور جس نے حسین رضی اللہ عنہ سے بغض رکھا اس نے سرکار دوعالم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے بغض رکھا۔ انہوں نے کہا کہ امام حسین رضی اللہ عنہ حق کے علمبردارہیں اور یزیدناحق ہے، انہوں نے شرکائے محفل کو حسینی کردار اپنانے کی تلقین کی۔محفل کے اختتام پر درود وسلام پیش کیا گیا جس کے بعد امیر منہاج القرآن بارسلونا علامہ عبدالرشید شریفی نے دین اسلام کی سربلندی اور امت مسلمہ کی کامیابی کے لئے خصوصی دعا کی اور منہاج القرآن بادالونا کی انتظامیہ کی طرف سے شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ محفل کے آخر میں شرکاء میں لنگر بھی تقسیم کیا گیا۔
رپورٹ: محمد رضوان کاظمی
تبصرہ