ویمبلے ایرینا کانفرنس (برطانیہ) دنیا بھر کے مسلمانوں کے لئے علمی و تحقیقی لحاظ سے تاریخی حیثیت رکھتی ہے

ویمبلے کانفرنس برطانیہ سمیت دنیا بھر کے مسلمانوں کے لئے علمی وتحقیقی لحاظ سے تاریخی حیثیت رکھتی ہے جس کے ذریعے ایک جانب مسلمان نوجوان نسل کو ہر قسم کی شدت پسندی اور دہشت گردی سے بچانے کی کوشش کی جارہی ہے تو دوسری جانب پوری مغربی دنیا میں اسلام کا پیغام امن ومحبت اس کی حقیقی شکل میں عام کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار مڈلینڈز کے علماء و مشائخ کی بڑی تعداد نے منہاج القرآن برمنگھم میں ویمبلے ایرینا میں مورخہ 24 ستمبر 2011ء کو ہونے والی امن عالم کانفرنس کے حوالہ سے منعقدہ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

ڈائریکٹر منہاج القرآن برمنگھم علامہ اشفاق عالم قادری نے کہا کہ صرف برمنگھم سے دو ہزار سے زائد مرد و خواتین کا قافلہ کانفرنس میں شرکت کررہا ہے جس میں عالم اسلام کی نامور اور معتبر شخصیات کے ساتھ ساتھ دیگر مذاہب کے پیروکار اور مذہبی پیشواؤں کی کثیر تعداد بھی شریک ہوگی۔

جامع مسجد گھمگول شریف کے خطیب علامہ نیاز احمد صدیقی اور علامہ اخلاق مبارک نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا وجود عالم اسلام کے لئے باعث فخر ہے اور اس کانفرنس میں تاریخی اور نامور شخصیات کی شرکت سے یہ کانفرنس عالم امن کے قیام کے لئے اہم کردار ادا کرے گی۔

ہارونیہ اسلامک سنٹر کے علامہ فرید ہارونی، مسجد فخر الاسلام کے حافظ عبدالرحمن سلطانی اور علامہ جنید عالم قادری نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ منہاج القرآن نے ہمیشہ دینی اور دنیاوی مسائل میں گھری امت کی آگے بڑھ کر راہنمائی کی اور ویمبلے کانفرنس بھی اسی جدوجہد کی ایک کڑی ہے۔ دہشت گردی کے خلاف شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا تاریخی و تفصیلی فتویٰ دنیا کی تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا جس نے امت مسلمہ سے انتہا پسندی اور دہشت گردی کے داغ کو صاف کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ امت مسلمہ کو عالمی سطح پر اسلام کا مقدمہ معیاری طریقہ سے لڑنے والا قابل اور لائق وکیل مل گیا ہے اور اس نیکی اور تقویٰ کے کام میں ہم سب کو ان کے ساتھ چلنا چاہیے۔

ووسٹر سے علامہ حافظ منیر صابر، علامہ سید فاروق شاہ اور مفتی اکبر زیرک نے کہا کہ امن کے لئے آگے بڑھ کر غیر مسلموں کے ساتھ بھی اتحاد کرنے سے گریز نہیں کرنا چاہیئے، ہمارے پیارے نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے یہودیوں، عیسائیوں اور مشرکوں کے ساتھ بھی اتحاد رکھا، اس کے علاوہ مسلمانوں کو ہر قسم کے فتنے کے خلاف جہاد کا حکم بھی ہے۔ آج ہم کو دہشت گرد اور فسادی کہا جارہا ہے، ویمبلے کانفرنس میں امت مسلمہ خود کو امن پسند امت کے طور پر ثابت کرے گی۔

علامہ سید ظفراللہ شاہ، مفتی یار محمد خاں قادری، مولانا بوستان قادری، علامہ منیر احمد، قاری طارق محمود، علامہ ساجد ظفر، علامہ سہیل احمد صدیقی، صوفی محمد عابد، محمد علی مصری الازہری، آفتاب احمد پروازنے اپنے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری صوفی ازم اور امن کے لئے بہت کام کر رہے ہیں، رافضیت اور خارجیت کے خلاف ان کی علمی و تحقیقی کوششیں اپنی مثال آپ ہیں۔ اسلام کے پیغام امن کو کوچے کوچے میں پہنچانا ہمارا مذہبی فریضہ ہے۔ موجودہ مسائل سے امت کو نکالنے میں ہمیں منہاج القرآن کی کوششوں کا قدم سے قدم ملا کر ساتھ دینا چاہیئے۔ نائن الیون اور سیون سیون کے اثرات کو ختم کرنے میں ویمبلے کانفرنس کلیدی کردار ادا کرے گی۔

علامہ رمضان رضا، مفتی عبدالکریم جماعتی، علامہ سیف چشتی، علامہ محمد اظہر سعید، علامہ بلال اشرفی نے کہا کہ یہ پیغام محض منہاج القرآن کا نہیں بلکہ امت مسلمہ کا مشترکہ ہے، مغرب میں اسلام کی مسخ شدہ تصویر کو بہتر بنانے میں یہ کانفرنس ممد و معاون ثابت ہوگی۔ تمام علماء و مشائخ نے کانفرنس کے بارے میں دی جانے والی بریفنگ اور انتظامات پر خوشی اور گرم جوشی کا اظہار کیا۔

رپورٹ: مرزا آفتاب بیگ

تبصرہ