جماعت اہلسنت برطانیہ کے سربراہ پیر سید عبدالقادر جیلانی کی شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری سے ملاقات اور عشائیہ میں شرکت

اہلسنت والجماعت کے دو دھارے مل کر ایک سیل رواں بن گئے جب ملت اسلامیہ کے دو عظیم قائدین نے سچے دین کی سربلندی اور اسلام کا صحیح امیج پیش کرنے کے لئے مورخہ 02 ستمبر 2011 ء بروز جمعہ اتحاد واتفاق کا اعلان کیا۔ منہاج القرآن کے قائد شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری اور مرکزی جماعت اہلسنت یورپ و برطانیہ کے سرپرست اعلیٰ پیر عبدالقادرجیلانی نے ایک عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے آقائے نامدار حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے لائے ہوئے دین کو خوارج کے اثرات سے پاک کر کے اللہ، اس کے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم، اہل بیت اور صحابہ کرام رضوان اللہ اجمعین سے سچی محبت پیدا کرنے کے لئے ہر سطح پر ایک دوسرے سے تعاون واتحاد کے عزم کا اظہار کیا۔ عشائیہ کا اہتمام پیر سید منور حسین جماعتی اور منہاج القرآن برطانیہ کے امیرظہور احمد نیازی نے مشترکہ طور پر کیا تھا جس میں برطانیہ بھر سے دونوں جماعتوں کے ممتاز راہنماؤں نے شرکت کی۔

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی دعوت پر پیر سید عبدالقادری جیلانی نے 24 ستمبر 2011 ء کو ویمبلے ارینا میں ہونے والی عالمی امن کانفرنس میں شریک ہونے اور خطاب کرنے کابھی اعلان کیا، مرکزی جماعت اہلسنت کے ممتاز قائد اور سابق صدر پیر سید زاہد حسین رضوی نے کہا کہ آج کے بعد دونوں جماعتوں کے کارکنان باہم شیر وشکر ہو کردونوں جماعتوں کے قائدین کی عزت اور محافظت کریں گے۔ پیر سید عبدالقادرجیلانی نے اسلام کی صحیح تصویر پیش کرنے کے لئے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی خدمات کا برملا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم، اہل بیت اور صحابہ کرام رضوان اللہ علیھم اجمعین کی ناموس کے تحفظ کے لئے جو علمی خدمات انجام دی ہیں میں ان کا معترف ہوں، ہمارے خیالات ملتے ہیں، صحابہ کرام رضوان اللہ علیھم اجمعین کے خلاف سازش دین کے خلاف سازش ہے، ہمارا اس بات پر اتحاد ہو گیا ہے کہ ہم سچے دین کی سربلندی کے لئے مل کر کام کریں گے، اجتماعیت سے خیر کا چشمہ پھوٹے گا، اسلام نے ہمیشہ اجتماعیت کی دعوت دی ہے اور تفرقے سے بچنے کی تلقین کی ہے، بدقسمتی سے مسلک اہلسنت بھی خوارج کے اثرات سے محفوظ نہیں رہا۔

شیخ الاسلام نے کہا کہ قرآن وسنت کو سمجھنے کے دو سھارے اہل بیت اور صحابہ کرام رضوان اللہ علیھم اجمعین ہیں، امت محمدیہ کو جن فتنوں کا سامنا رہا ان میں ایک فتنہ خویسریت کا تھا جو ابلیسی فکر کا آئینہ دار تھا اس نے اللہ کے بارے میں مسلمانوں کو گمراہ کرنا چاہا، فتنہ خارجیت کا ہدف مولیٰ کائنات کی ذات گرامی تھی۔ لوگ اعتراض کرتے ہیں کہ حضرت علی کرم اللہ وجہہ کو ہم مولیٰ کائنات کیوں کہتے ہیں؟ میں انہیں بتانا چاہتا ہوں کہ حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کو یہ ٹائٹل خود رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے دیا تھا جب انہوں نے فرمایا کہ جس کا میں مولیٰ اس کامولیٰ علی ہے۔ اہل بیت سے محبت ایمان کی علامت ہے اور خوارج اسے امت کے دل سے نکالنے کے لئے کوشاں رہے ہیں، پھر فتنہ رافضیت نے رسالت کی محبت اور ادب پر حملہ کیا۔ ان تمام فتنوں کا مقابلہ کرنا ہی ہمارے آج کے اتحاد کی بنیاد ہے

تقریب سے پیر سید منور حسین جماعتی، ظہو ر احمد نیازی، علامہ محمد افضل سعیدی، علامہ احمد نثار بیگ، اور مولانا فضل احمد قادری نے بھی خطاب کیا۔ تقریب میں مرکزی جماعت اہلسنت اور منہاج القرآن برطانیہ کے قائدین میں سے علامہ قاضی عبدالعزیز چشتی، صاحبزادہ احمد حسین شاہ ترمذی، علامہ صادق قریشی، علامہ محمد رمضان قادری، علامہ فضل احمد قادری، صاحبزادہ سید انور شاہ کاظمی، پیر سید صابر حسین گیلانی، صاحبزادہ مظہر حسین گیلانی، علامہ نثار بیگ، علامہ برکات چشتی، علامہ قاری محمد خان قادری، علامہ زائد حسین رضوی، علامہ بوستان قادری، صاحبزادہ رفیق چشتی، حافظ خوش بخت رحمٰن، حافظ سجاد حسین، علامہ اشفاق عالم قادری، علامہ جنید عالم قادری، علامہ سہیل احمد صدیقی، حافظ وحید احمد، علامہ اخلاق مبارک، الشیخ اتابک السمر قندی، علامہ عمر حیات قادری، علامہ قاضی عبدالطیف قادری، علامہ سعید احمد قادری اور علامہ حافظ عبدالسعید نے شرکت کی۔

رپورٹ: آفتاب بیگ

تبصرہ