منہاج القرآن انٹرنیشنل ویانا آسٹریا کے زیر اہتمام مورخہ 27 اگست 2011 بروز ہفتہ 27 ویں شب توبہ استغفارکے ماحول میں محفل ذکر ونعت اور رقت آمیز دعا روحانی انداز میں منعقد ہوئی۔ محفل میں برطانیہ سے تشریف لائے سکالر علامہ اظہر سعید الازہری نے خصوصی خطاب کیا۔
نماز تراویح کے بعد ختم القرآن کی محفل منعقد ہوئی جس میں تلاوت کلام پاک کا شرف محمد نعیم رضا نے حاصل کیا۔ حاجی محمد اکبر اور جمشید چودھری نے آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں ہدیہ نعت پیش کی۔ علامہ اظہر سعید الازہری نے شرکائے محفل سے توبہ و استغفار کے موضوع پر پرمغز اور رقت آمیز خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ کی رحمت گنہگار کو اپنے دامن میں سمیٹنے کے لئے ہمہ وقت تیار رہتی ہے۔ آج کی شب اپنے گناہوں کی بخشش مانگ کر زندگی کو صراط مستقیم پر چلنے کا عہدکرنے کی رات ہے۔ خطاب کے بعد رمضان المبارک میں منہاج سنٹر کی خدمت کرنے والے افراد کی خدمت میں خواجہ محمد نسیم صدر منہاج القرآن آسٹریا نے تحائف پیش کئے۔
صلوۃ التسبیح کی ادائیگی کے بعد محفل ذکر منعقد ہوئی جس میں علامہ اظہر سعید نے خصوصی راہنمائی کی۔ اختتام پر رقت آمیز دعا کرائی گئی جس میں تمام حاضرین نے گڑگڑا کر اپنے مولا کے حضور دعائیں کی، مرحومین کی بخشش، بیماروں کی شفا یابی، ملک پاکستان وا مت مسلمہ کی حفاظت وسلامتی کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ پروگرام کے اختتام پر شرکائے محفل کے لئے سحری کا اہتمام کیا گیا۔ پروگرام میں خواتین کی کثیر تعداد میں شرکت کی۔
رپورٹ: محمد نعیم رضا
تبصرہ