رمضان المبارک کا آخری عشرہ شروع ہوتے ہی جاپان بھر میں ہر جگہ جشن نزول قرآن و لیلۃ القدر کی تیاریاں شروع ہوگئیں۔ ہر جگہ مساجد میں رونق اور تعداد میں اضافہ ہو گیا۔ مرکز منہاج القرآن انٹرنیشنل باندو شہر ابراکی کین میں نماز عصر کے ساتھ ہی گرد و نواح کی مسلمانوں کی کثیر آمد کا سلسلہ جاری ہو جاتا ہے اور رات بھر عبادات کا سلسلہ جاری رہتا ہے۔
منہاج القرآن جاپان کی طرف سے جاری کئے گئے بیان کے مطابق 26 اگست 2011 بروز جمعۃ الوداع رات نماز تراویح کے بعد جشن نزول قرآن پاک، لیلۃ القدر اور ختم قرآن شریف کی خصوصی محفل ہوگی۔ جس میں تلاوت قرآن پاک، محفل نعت، محفل ذکر، صلوۃ التسبیح اور سفیر عالم علامہ نذیر احمد خان کی جشن نزول قرآن پر خصوصی خطاب ہو گا۔ لیلۃ القدر کی رات مرکز میں ساری رات نماز فجر تک عبادات کا سلسلہ جاری رہے گا، ختم قرآن کی پہلی نشست رات گیارہ بجے لنگر اور مٹھائی کی تقسیم کے ساتھ ختم ہوگی۔ دوسری نشست رات 12 بجے شروع ہو کر صبح نماز فجر تک جاری رہے گی جس میں تلاوت قرآن پاک، محفل نعت، محفل ذکر، صلوۃ التسبیح اور درود وسلام کی محفل بھی ہوگی۔ اس موقع پر سحری کا خصوصی بندوبست بھی ہوگا۔ مرکز منہاج القرآن انٹرنیشنل جاپان کی طرف سے جاپان بھر اور گرد و نواح کے مسلمانوں سے اپیل کی گئی کہ وہ زیادہ سے زیادہ تعداد میں اس نورانی، ایمانی، روحانی اور وجدانی محفل میں شریک ہو کر ایمان کو تازہ کریں۔
یاد رہے کہ مرکز منہاج القرآن میں ہر روز سحری اور افطاری کے کھانے کا بندوبست ہوتا ہے علاوہ ازیں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کا ہر روز برطانیہ سے براہ راست جاپان کے وقت کے مطابق صبح 9 بجے انٹرنیٹ کے ذریعے minhaj.tv پر رمضان المبارک کے خصوصی خطاب دیکھے جاسکتے ہیں۔ محمد انعام الحق نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ مرکز منہاج القرآن انٹرنیشنل ابراکی کین میں چھ معتکف کے ہر روز کے معمولات درج ذیل ہیں
نوافل تہجد، نماز فجر، نوافل اشراق، نوافل چاشت، تلاوت قرآن پاک، صبح نو بجے برطانیہ سے بذریعہ انٹرنیٹ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کا خطاب براہ راست سنا جاتا ہے، نماز ظہر کی ادائیگی کے بعد انفرادی وظائف کئے جاتے ہیں، تربیتی درس محمد سلیم خان صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل جاپان دیتے ہیں۔ نماز عصر کی ادائیگی کے بعد درس قرآن اور محفل ذکر کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ افطاری کے بعد نماز مغرب اور نوافل اوابین اور کھانا، نماز عشاء اور نماز تراویح کے بعد سفیر عالم علامہ نذیر احمد خان روزانہ رات 10 بجے خصوصی فقہی نشست سے خطاب کرتے ہیں اور رات 11 بجے صلوۃ التسبیح، ذکر اور درود شریف کے بعد آرام کیا جاتا ہے۔
رپورٹ: محمد انعام الحق
تبصرہ