منہاج القرآن انٹرنیشنل کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے مورخہ 30 جولائی 2011ء کو مرکز منہاج القرآن فرانس میں پہلے منہاج ویب ٹی وی کے اسٹوڈیو کا افتتاح کیا۔ آپ کی آمد کے موقع پر منہاج القرآن فرانس کی تنظیم اور ذیلی تنظیمات کے عہدیداروں اور کارکنان نے پرتپاک استقبال کیا جبکہ منہاج یوتھ لیگ فرانس کے نوجوانوں نے پھولوں کا گلدستہ پیش کیا۔
تمام احباب سے ملاقات کے بعد آپ کو اسٹوڈیو کے افتتاح کے لئے لے جایا گیا جہاں پر آپ نے ممبر منہاج سپریم کونسل حاجی گلزار احمد، امیر منہاج یورپین کونسل علامہ حسن میر قادری، ڈائریکٹر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن علامہ حافظ محمد اقبال اعظم، جنرل سیکرٹری منہاج القرآن فرانس حاجی محمد اسلم، صدر پاکستان عوامی تحریک فرانس چودھری ظفر اقبال، صدر منہاج سکور فرانس محمد نعیم چودھری، صدر منہاج پونتو کمبوہ تنظیم حاجی محمد انور کے ہمراہ اسٹوڈیو کا افتتاح کیا۔ مینجنگ ڈائریکٹر منہاج ویب ٹی وی شیخ ساجد فیاض اپنی طبعیت کی خرابی کی وجہ سے تقریب میں شریک نہ ہوسکے جن کی فون پر ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے عیادت کی اور اسٹوڈیو کے افتتاح پر مبارکباد پیش کی۔ساجد فیاض کی عدم موجودگی میں اسد صدیق نے معزز مہمان کو اسٹوڈیو کا تفصیلی وزٹ کرایا۔ یاد رہے کہ تین ماہ قبل شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے فرانس میں منہاج ویب ٹی وی کا افتتاح کیا تھا اور آزمائشی نشریات کے بعد آج باقاعدہ اس کے اسٹوڈیو کا افتتاح کیا گیا۔
منہاج ویب ٹی وی کے افتتاح کے موقع پر پہلی ریکارڈنگ بھی کی گئی جس کی کمپیئرنگ کے فرائض علامہ حافظ محمد اقبال اعظم نے ادا کئے۔ انہوں نے منہاج القرآن فرانس کی تنظیم، منہاج القرآن ویمن لیگ، منہاج سسٹر لیگ، منہاج القرآن یوتھ لیگ اور منہاج ویب ٹی وی کی مالی معاونت کرنے والی پونتو کمبوہ کی تنظیم کا نام لے کر مبارکباد پیش کی۔ پروگرام کے پہلے حصے میں قاری طارق نے تلاوت کلام پاک کی۔منہاج نعت کونسل کے ممبران محمد یسین، عامر نعیم، زوہیب اشفاق اور فیضان اسلم نے حضور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی لکھی ہوئی نعت ’’ تیرے ہوتے جنم لیا ہوتا ‘‘ پیش کی۔ پروگرام کے دوسرے حصے میں سیکرٹری جنرل ڈاکٹر رحیق احمد عباسی،علامہ حسن میر قادری اور حاجی گلزار احمد کو دعوت دی۔
ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے اپنے خیالات کااظہار کرتے ہوئے کہا فرانس کی تنظیم اور خصوصی طور پر پونتو کمبوہ کی تنظیم کو منہاج ویب ٹی وی کے اجراء پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ انہیں اکثرانٹرویوز کے سلسلہ میں مختلف ٹی وی چینلز کے دفاتر جانے کا اتفاق ہوا ہے مگر میں نے منہاج ویب ٹی وی کے اسٹوڈیو کو کسی بھی صورت میں ان سے کم نہیں پایا۔ مختلف سوالات کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ منہاج ویب ٹی وی کو مستقبل میں مزید وسعت دی جائے گی، ہر ملکی سطح پر اس کے اسٹوڈیو بنائے جائیں گے تاکہ وہاں کی ریکارڈنگ اور لائیو پروگرام پیش کئے جاسکیں۔ مرکزی سطح پر بھی ایک اسٹوڈیو بنایا جارہا ہے، اسے ایک پروفیشنل ٹی وی چینل بنایا جائے گا جس میں فقہی سوال وجواب، فتاویٰ کے پروگرامز، خواتین، بچے اور بچیوں کے پروگرام، محفل نعت، محفل سماع اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے فہم کو پوری دنیا تک پہنچایا جائے گا۔ پروگرام کے اختتام پر علامہ حسن میر قادری نے دعا کرائی۔
رپورٹ: عدنان شفقت
تبصرہ