منہاج القرآن انٹرنیشنل نارتھ اٹلی کے وفد کی نووارا کے میئر (SINDACO) سے ملاقات

منہاج القرآن انٹرنیشنل نارتھ اٹلی کے نائب ناظم ملک محمد اسماعیل اعوان، ملک اعجاز یوسف اعوان اور ملک زوہیب خالد اعوان نے مورخہ 25 جولائی 2011ء کو نووارا کے میئر(SINDACO) سے ان کے آفس میں ملاقات کی اورانہیں حال ہی میں ہونے والے الیکشن جیتنے پر مبارکباد اور پھولوں کا گلدستہ پیش کیا اور خیر سگالی کے جذبہ کے تحت نو منتخب میئر کوپاکستان کی سوغات آم (MANGO) پیش کئے۔

نووارا کے نومنتخب میئر ڈاکٹر آندریا بلارے منہاج القرآن کے وفد سے ملاقات اور تحائف وصول کر کے بہت خوش ہوئے۔ یہ ملاقات ڈاکٹر آندریا بلارے کی طرف سے منہاج القرآن کو خصوصی دعوت دیئے جانے پر ہوئی۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور کے علاوہ پاکستانی کمیونٹی کے مسائل اور ان کے حل کے حوالہ سے سیر حاصل گفتگو ہوئی۔ نو منتخب میئر نے نارتھ اٹلی میں منہاج القرآن کے کام اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی امت مسلمہ اور امن عالم کے لئے کی جانے والی خدمات کو سراہا۔ ملاقات کے اختتام پر ملک محمد اسماعیل اعوان اور ملک اعجاز یوسف اعوان نے ڈاکٹر آندیا بلارے کو شیخ الاسلام کی دہشت گردی کے خلاف لکھی جانے والی کتاب ’’فتویٰ‘‘ پیش کی جس پر نو منتخب میئر نے شکریہ اد اکیا۔

رپورٹ: محمد افضال

تبصرہ