شب برات کی رات اللہ تعالیٰ ندا دیتا ہے کہ ہے کوئی مجھ سے مانگنے والا کہ میں اس کی جھولیاں بھر دوں۔ اس پیاری عظیم مقدس رات میں اللہ رب العزت کی رحمتوں کو سمیٹنے کے لئے منہاج القرآن آسٹریا ویانا میں مورخہ 15 جولائی 2011ء بروز جمعۃ المبارک عصر سے مغرب تک محفل شب برات منعقد ہوئی اور بعد ازاں شب بیداری کا انعقاد کیا گیا۔
محفل کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت محمد یوسف غوری نے حاصل کی۔ نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی صورت میں عقیدت کے پھول نچھاور کرنے والوں میں یورپ کے مشہور نعت خواں شہریار خاں، جمشید عرف شیری، آکاش یوسف، حسنین یوسف، عادل مسعود، حاجی اکبر علی اور ننھا نعت خواں فیضان رضا شامل تھے۔ نقابت کے فرائض منہاج القرآن آسٹریا کے امیر حفیظ اللہ قادری نے سرانجام دیئے۔ محفل ذکر و نعت ساری رات جاری رہی جس میں جملہ شرکاء محفل نے انفرادی اور اجتماعی عبادات کیں۔ عشاء کی نماز کے بعد باجماعت صلوٰۃ التسبیح ادا کی گئی۔ پروگرام میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کا خطاب ’’رونے والی آنکھ‘‘ ویڈیو پروجیکٹر کے ذریعے دکھایا گیا۔
شب برات کی محفل کا اختتام محفل ذکر اور درود و سلام سے ہوا۔ پروگرام کے اختتام پر خصوصی دعا کی گئی جس میں امت مسلمہ، پاکستان کی سلامتی اور اس مبارک رات کے صدقہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی صحت و تندرستی، حاضرین کی جائز حاجات، بیماروں کی شفایابی، قرض داروں کی خلاصی قرض اور تمام امت مسلمہ جو اس دنیا سے رخصت ہو چکی کے درجات کی بلندی کے لئے دعائے خیر کی گئی۔ پروگرام کے اختتام پر لنگر پیش کیا گیا۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل آسٹریا کے صدر خواجہ محمد نسیم نے جملہ شرکائے محفل کا شکریہ ادا کیا۔
رپورٹ: محمد اکرم باجوہ
تبصرہ