منہاج یورپین کونسل کے زیراہتمام زون تھری کے ممالک کی تین روزہ ورکشاپ کاانعقاد

منہاج یورپین کونسل زون تھری کے ممالک (آسٹریا، یونان، سوئٹزرلینڈ اور اٹلی) کی تین روزہ تربیتی ورکشاپ یکم جولائی سے تین جولائی (کارپی) ساؤتھ اٹلی کے زیراہتمام منعقد ہوئی۔ اجلاس کی صدارت منہاج یورپین کونسل کے امیر علامہ حسن میر قادری، صدر اعجاز احمد وڑائچ اور ناظم محمد بلال اپل نے کی جبکہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن یورپ کے ڈائریکٹر علامہ حافظ محمد اقبال اعظم نے خصوصی شرکت کی۔

اجلاس میں منہاج پیس اینڈ انٹی گریشن یورپ کے صدر سید ارشد شاہ، منہاج میڈیا کوآرڈینیشن بیورویورپ کے کوآرڈینیٹرمحمد اکرم باجوہ (آسٹریا)، جنرل سیکرٹری منہاج میڈیا نوید احمد اندلسی (سپین)، نائب صدر منہاج یورپین کونسل شبیر احمد کھوکھر (جرمنی)، نائب ناظم منہاج یورپین کونسل محمد نعیم رضا (آسٹریا)، صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل آسٹریا خواجہ محمد نسیم، منہاج القرآن انٹرنیشنل یونان کے صدر ملک محمد جاوید اقبال اعوان، منہاج القرآن ساؤتھ اٹلی کارپی کے صدر محمد اقبال وڑائچ، صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل سوئٹزرلینڈ کے علاوہ زون تھری کے ممالک کے عہدیداران، رفقاء اور مرد و خواتین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

منہاج یورپین کونسل کے اجلاس کا پہلا سیشن صبح دس بجے سے سہ پہر پانچ بجے تک منعقد ہوا، جس کا باقاعدہ آغاز منہاج القرآن اٹلی کے جنرل سیکرٹری ظہیر انجم کے ابتدائی کلمات سے ہوا جس میں انہوں نے منہاج یورپین کونسل کے جملہ عہدیداران اور زون تھری کے ممالک کے عہدیداران، رفقاء اور خواتین کو بھر پور شرکت پر خوش آمدید کہا اور اجلاس کو کامیاب بنانے پر شکریہ ادا کیا۔

اجلاس میں تلاوت کلام پاک کی سعادت حافظ عتیق الرحمن نے حاصل کی جبکہ افضال ثیاب نے آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں ہدیہ نعت پیش کی۔منہاج یورپین کونسل کے صدراعجاز احمد وڑائچ نے تین روزہ ورکشاپ کے اغراض ومقاصد بیان کرتے ہوئے جملہ شرکاء کو خوش آمدید کہا اور منہاج القرآن ساؤتھ اٹلی کو شاندار انتظامات کرنے پر مبارکباد پیش کی۔

اجلاس میں زون تھری کے ممالک نے اپنی اپنی سالانہ کارکردگی رپورٹ پیش کی اور آئندہ کے لائحہ عمل پر انفرادی طور پر اور گروپ ڈسکشن کی صورت میں آراء اور تجاویز پیش کیں۔ گروپ ڈسکشن میں خواتین نے بھی بھر پور حصہ لیا۔ منہاج یورپین کونسل کے امیر علامہ حسن میر قادری نے حضور شیخ الاسلام کی موجودہ دور میں امت مسلمہ کے لئے کی جانے والی خدمات کو سراہا اور تمام شرکائے اجلاس کو ہدایت کی کہ وہ اپنی ذمہ داریوں کو بہتر اور موثر انداز میں ادا کریں۔ انہوں نے اختتامی دعا کراتے ہوئے ملک پاکستان کے معروضی حالات، دہشت گردی کی فضا کے خاتمے اور حضور شیخ الاسلام کی صحت و تندرستی کے لئے دعا کرائی۔

رپورٹ: محمد اکرم باجوہ

تبصرہ