منہاج القرآن انٹرنیشنل (پوسان سٹی) کوریا میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کا پروجیکٹر کے ذریعے خطاب سنایا گیا

منہاج القرآن انٹرنیشنل (پوسان سٹی) کوریا کے زیراہتمام مورخہ 19 جون 2011ء بروز اتوار کو بعد نماز عشاء منہاج اسلامک سنٹر میں ایک محفل منعقد ہوئی جس میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کا معراج النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے واقعہ کے موضوع پر پروجیکٹر کے ذریعے خطاب سنایا گیا۔

محفل کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام مجید سے ہوا جبکہ محمد کاشف قادری، وقار احمد قادری اور مردان علی قادری نے آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں ہدیہ عقیدت پیش کئے۔ منہاج ایشیئن کونسل کے امیر محمد جمیل چودھری نے شرکائے محفل کو بتایا کہ منہاج القرآن انٹرنیشنل مرکز کی ہدایا ت کی روشنی میں کوریا کے تمام مراکز پر ہفتہ اور اتوار کی شام کو پروجیکٹر کے ذریعے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے خطابات سنائے جائیں گے اور آج کا یہ پروگرام اسی سلسلہ کا پہلا پروگرام ہے۔

واقعہ معراج کے موضوع پر شیخ الاسلام کے خطاب کو شرکائے محفل نے بہت پسند کیا اور اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج کا خطاب سننے کے بعد ہمارے ذہنوں میں پائے جانے والے بہت سے اشکالات دور ہوگئے ہیں اور ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے جس خوبصورت اور مدلل انداز میں واقعہ معراج کی تفصیلات بیان کی ہیں آج تک کسی نے ان نکات کو بیان نہیں کیا۔ شرکاء نے منہاج القرآن کی انتظامیہ کی اس کاوش کو سراہتے ہوئے مبارکباد دی اور کہا کہ اس سلسلہ کو جاری رکھا جائے۔ محفل کے اختتام پر درود و سلام پیش کیا گیا اور آخر میں دعا کے بعد لنگر پیش کیا گیا۔

رپورٹ: محمد فاروق

تبصرہ