منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن معاشرے کے پسے ہوئے طبقات کی بحالی کے لئے دن رات کوشاں ہے۔ علامہ محمد افضل سعیدی

پاکستان کے حالات اس وقت فلسطین و کشمیر سے بھی بد تر ہیں، انصاف امن اور دو وقت کی روٹی کے لئے غریب مر رہے ہیں، دن دیہاڑے بے گناہ لوگوں کا قتل عام، کرپشن اور غربت سے تنگ افراد کی خودکشیاں پاکستانی معاشرے پر عذاب الٰہی سے کم نہیں۔ جس تیزی سے یہ معاشرہ ذلت اور پستی کی دلدل میں گرتا جارہا ہے اس قوم کے حکمرانوں کواپنی کرسی اور عیاشیوں نے بے حس کر دیا ہے۔ان خیالات کا اظہار منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن یو کے کے زیر اہتمام مورخہ 12 جون 2011 کو منعقدہ تقریب میں مقررین نے کیا۔

منہاج القرآن انٹرنیشنل یو کے کے صدر علامہ محمد افضل سعیدی نے کہا کہ کھلی منافقت، اسلامی احکامات کی خلاف ورزی، دینی اقدار کی پامالی اور دنیا پرستی میں غرق ہونے کے نتیجہ ہے کہ آج نہ کسی کی جان محفوظ ہے اور نہ مال، ہر بات پر ایک دوسرے سے اختلاف اور کھینچا تانی کے باوجود موجودہ نظام اس قوم کے مقدر کی تباہی کا سبب ہے اور اس کے بچانے پر حزب اقتدار ہو یا حزب اختلاف حتیٰ کہ دینی و مذہبی نام نہاد قیادتیں بھی ایک ہیں۔ ان حالات میں عوام کے دکھوں کا مداوا کون کرے گا؟ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کا کردار قابل تحسین ہے جو معاشرے کے پسے ہوئے طبقات کی بحالی کے لئے ہر شعبہ ہائے زندگی میں مدد اور تعاون کے لئے دن رات کوشاں ہے ۔انہوں نے کہا کہ بے یارومددگار یتیم اور لاوارث بچوں کی کفالت کے لئے تیس کروڑ کی لاگت سے قائم ہونے والے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے پراجیکٹ’’ آغوش‘‘ میں اب تک سینکڑوں بچوں کی کفالت اور تعلیم وتربیت سے لے کر روزگار اور شادی تک کے تمام اخراجات منہاج القرآن یوکے کی تنظیم نے اپنے ذمہ لئے ہیں۔

منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن نے ماڈل سکولز، سیلاب متاثرین کی بحالی، قدرتی آفات سے متاثرہ لوگوں کی مدد، عید گفٹ، راشن سکیم، میڈیکل کمپلیکس، فری آئی سرجری کیمپ، فری ایمبولینس سروسز، بلڈ ڈونر سوسائٹی کے ساتھ ساتھ اجتماعی شادیوں کے منصوبے کا اعلان کیا اور اب تک 600 سے زائد جوڑوں کی کامیاب شادی اور رخصتی پر کروڑوں روپے خرچ کئے جاچکے ہیں۔ علامہ محمد افضل سعیدی نے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے کہا لوگو! اللہ رب العزت کے اس فرمان کو سن لو کہ ’’ قبل اس کے کہ موت تمہارے سرہانے پر آجائے خدا نے تمھیں جو دیا ہے اس کی راہ میں خرچ کر و ‘‘ حضرت اسماء بنت ابی بکر رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے مروی حدیث بیان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فرمان خدا آج کے اس دور میں خواتین کے لئے مشعل راہ ہے۔ اے عورتو! اللہ کی راہ میں دل کھول کر خرچ کیا کرو اگر تم خدا کی راہ میں گن گن کرخرچ کروگی تو تمہیں بھی گن گن کر ملے گا اور اگر بغیر حساب کے خرچ کرو گی تو تمھیں بھی بغیر حساب کے ملے گا اور وہ جسے چاہتا ہے بے حد وحساب عطا کرتا ہے ۔انہوں نے فرمان مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم بیان کرتے ہوئے بتایا کہ ’’ اللہ کسی شخص سے حرام مال قبول نہیں کرتا اور جب کوئی شخص اپنا پاکیزہ ما ل اس کی راہ میں غریبوں اور محتاجوں پر خرچ کرتا ہے تو اللہ اس مال کو اپنے دائیں ہاتھ سے قبول کرتا ہے خواہ وہ کسی کا اپنی استطاعت سے دیا ہواکھجور کا ایک دانہ ہی کیوں نہ ہو، پھر وہ مال اس کے دست قدرت میں بڑھتا چلا جاتا ہے حتیٰ کہ ایک پہاڑ کے برابر ہو جاتا ہے ‘‘۔ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے فرمان کے مطابق’’ غریب کی پرورش کرنے والا روز قیامت میرے اس طرح ساتھ ہو گا جیسے ایک ہاتھ کی دو انگلیاں‘‘۔

علامہ محمد افضل سعیدی نے مزید کہا کہ مادیت پرستی اور خود غرضی کے اس ماحول میں جہاں عبادات اور ریاضت بھی للہیت اور خالصیت سے خالی ہو گئی ہیں پیارے آقاء دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ان فرامین کو سننے کے بعد اہل ثروت جاگ جائیں کہ یہاں کسی نماز، روزے، حج اور زکوۃ کی بات نہیں صاف اور سیدھا فرمان ہے آج کسی یتیم کی کفالت کی ذمہ داری لو کل جنت میں محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ساتھ بیٹھو گے اور اس پر کسی کو کوئی شک نہیں ہونا چاہیئے۔ اہل ثروت احباب منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے آرفن کیئر ہوم کے لئے بڑھ چڑھ کر حصہ لیں یہ عمل بہترین صدقہ ہے جو دنیا میں بھی ہر دکھ اور مصیبت سے بچاتاہے اور آخری وقت موت کی سختی سے نجات اور قیامت کے دن اللہ کے غضب کو ٹھنڈا کردے گا۔

منہاج القرآن انٹرنیشنل یوکے کے امیر اور نامور صحافی ظہور احمد نیازی نے انتہائی پرسوز اور رقت آمیز خطاب کیا جس سے ہر آنکھ پرنم ہو گئی اور حاضرین کی ہچکیاں بندھ گئیں۔ اجلاس میں مینجنگ ڈائریکٹر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن داؤد مشہدی نے لندن، مانچسٹر، نیلسن، ہیلی فیکس، راچڈیل، شیفیلڈ، رادھرم، گلاسگو، برمنگھم، والسال، ڈربی، سٹوک آن ٹرنٹ، نوٹنگھم، ڈڈلی، نارتھمپٹن، لوٹن اور ایکزلگٹن سے تشریف لانے والی ویمن لیگ، سسٹرلیگ اور منہاج القرآن کے رفقاء و اراکین کے اپنے ذمہ اڑھائی سو سے زائد بچوں کی کفالت کا ذمہ لینے اور ویلفیئر کے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کے فیصلہ پر مبارکباد پیش کی۔انہوں نے اپنے ساتھیوں عدنان سہیل، شاہد کلیم، صغیر احمد، عبدالرزاق، تصور علی، محمد نوید، فرحان الصبح اور سیرت علی خان کا منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے لئے دن رات کام کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ اجلاس کا اختتام امیر تحریک ظہور احمد نیازی کی رقت آمیز دعا سے ہوا جس میں سابق ڈائریکٹر منہاج ویلفیئر فاؤیشن شہزاد شفیع مرحوم کے ایصال ثواب کے لئے خصوصی دعا کی گئی۔

رپورٹ:شاہد جنجوعہ

تبصرہ