منہاج القرآن بریڈ فورڈ کا سالانہ تنظیمی اجلاس

منہاج القرآن نوجوانوں میں دینی شعور کی بیداری کی ایک ایسی تحریک ہے جو برطانوی مسلم نوجوانوں کی تربیت، محبت و برداشت کے ساتھ دیگر کمیونٹییز کے ساتھ مل جل کر زندگی گذارنے کے بنیادی اصول کے مطابق کرنے میں سرگرداں ہے، منہاج القرآن کے تمام اداروں میں دینی و دنیاوی تعلیم کو مساوی اہمیت دی جاتی ہے تاکہ ان اداروں کے تعلیم یافتہ نوجوان ترقی یافتہ دنیا کے ساتھ مل کر نہ صرف اپنی زندگی گذار سکیں بلکہ دیگرطبقات کے ساتھ سماجی خدمات میں برابر کاکردار ادا کر سکیں، ان خیالات کا اظہار منہاج القرآن برطانیہ کے صدر علامہ محمد افضل سعیدی نے مورخہ 14 جون 2011 ء بروز منگل منہاج بریڈ فورڈ میں تنظیمی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

علامہ محمد افضل سعیدی نے کہا کہ برطانیہ میں آباد مسلم کمیونٹی خود کو مقامی معاشرے کا حصہ سمجھتے ہوئے اس کی تعمیر و ترقی اور معاشرتی بہتری کے لئے اپنا کردار ادا کرے اور اس کے لئے ضروری ہے کہ یہاں کے مقامی، سماجی اور سیاسی اداروں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا جائے، اس موقع پر منہاج القرآن نارتھ انگلینڈ کے نائب صدرمعظم رضا، سیکرٹری ویلفیئرسیرت علی قادری، پراجیکٹ مینیجر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن یوکے اور یورپ عدنا ن سہیل سمیت علامہ محمد عبدالسعید نے بھی اظہار خیال کیا۔ منہاج القرآن بریڈ فورڈ کے صدر رضوان رحمان نے اپنی سالانہ رپورٹ میں بتایا کہ ان کے ادارے میں پانچ سو سے زیادہ طلباء زیر تعلیم ہیں جبکہ خواتین کے لئے الگ حلقہ درود کا قیام ماہانہ بنیادوں پر عمل میں لایا گیا ہے۔ پاکستان میں سیلاب زدگان کی مدد کے لئے تقریباًایک لاکھ تیس ہزارکی خطیر رقم کا عطیہ اکٹھا کیا گیا۔

اجلاس میں پاکستان میں جاری دہشت گردانہ کارروائیوں کی بھی سخت مذمت کی گئی اور معصوم جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا گیا۔ اجلاس میں ستمبر میں منہاج القرآن یوتھ لیگ برطانیہ کے زیر اہتمام ویمبلے ہال لندن میں ہونے والے پروگرام کی کامیابی کے لئے حکمت عملی کو بھی حتمی شکل دی گئی۔

رپورٹ:آفتاب بیگ

تبصرہ