علم انسان کو دیگر مخلوقات پر عظمت وبزرگی کا شرف بخشتا ہے، تاہم مسلمانوں پر علم حاصل کرنا فرض کا درجہ رکھتا ہے اور عصر حاضر میں حضور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی سنگت میں منہاج القرآن انٹرنیشنل کے جملہ فورمزاور ہر سطح کے عہدیداران انفرادی اور اجتماعی ہر دو فریق نہ صرف اس فرض کی بجا آوری میں پیش پیش ہیں بلکہ علم کے حصول اور علم کی تحریک منظم اندازمیں چلانے کے لئے دنیا بھر میں متعدد کوششیں اور پروگرام چلا رہے ہیں۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل کی اسی سلسلہ میں کاوش الازھر یونیورسٹی (مصر) کے پاکستان میں قائم رابطہ آفس کے ساتھ تعاون و اشتراک ہے۔
منہاج القرآن انٹرنیشنل واگ (الازہر یونیورسٹی) پاکستان برانچ کے رابطہ آفس (اسلام آباد) کے تعاون سے (دیزیو) اٹلی میں کورس کے اجراء اور گذشتہ تین ماہ سے جاری کلاسز کی اختتامی تقریب کا انعقاد مورخہ 04 جون 2011ء بروز ہفتہ کو ساور یانی ہال دیزیو میں ہوا، تقریب میں طلبہ و طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت صوفی امانت علی صدیقی نے حاصل کی اس کے بعد آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں ہدیہ نعت پیش کی گئی۔ منہاج یوتھ لیگ دیزیو کے صدر چن نصیب نے گذشتہ دراسات قرآن وحدیث کے انتظام کے حوالہ سے منہاج القرآن دیزیو کی ایگزیکٹو اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔
منہاج القرآن انٹرنیشنل (دیزیو) اٹلی کے ناظم حاجی محمد اشرف نے طلباء و طالبات کو امتحانی پرچہ کے بارے میں آگاہ کیا، گذشتہ تین ماہ سے جاری کلاسز میں جو کچھ پڑھایا گیا اس کا کلاس میں ٹیسٹ لیا گیا۔ اس کے بعد علامہ حافظ نذیر احمد قادری الازہری نے احادیث پڑھائیں جن کی خصوصی طور پر شیخ الاسلام سے اجازت لی گئی۔ اس کے بعد آڈیو کیسٹ کے ذریعے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے وہی احادیث پڑھائیں اور تمام حاضرین کو یہ احادیث آگے پڑھانے کی اجازت عطا فرمائی۔
منہاج یورپین کونسل کے صدر اعجاز احمد وڑائچ، جنرل سیکرٹری بلال اپل جو ان دنوں اٹلی کے دورہ پر ہیں نے بھی اس اختتامی تقریب میں شرکت کی اور کامیاب پروگرام کے انعقاد پر دیزیو کی ایگزیکٹو کو مبارکباد دی اور اس سلسلہ کو آئندہ بھی جاری رکھنے کی تاکید کی۔ پروگرام کا اختتام دعائے خیر سے ہوا اور حاضرین کو لنگر پیش کیا گیا
رپورٹ: محمد یعقوب
تبصرہ