منہاج القرآن انٹرنیشنل اوسلو ناروے کے زیراہتمام سالانہ گیارہویں اور ماہانہ ختم الصلوۃ علی النبی (ص) کا انعقاد

منہاج القرآن انٹرنیشنل اوسلو ناروے کے زیر اہتمام مورخہ 02 اپریل 2011 ء بروز ہفتہ کو سالانہ گیارہویں شریف و ماہانہ مجلس ختم الصلوۃ علی النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا انعقاد کیا گیا۔

محفل کا آغاز محمد بالاج نے تلاوت کلام پاک سے کیا اور تاجدار کائنات محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں ہدیہ درود وسلام انفرادی طور پر شرکاء نے پیش کیا اس کے بعد محفل نعت کا آغاز ہوا، عطاء المصطفیٰ نے خوبصورت انداز میں گلہائے عقیدت پیش کئے۔ محفل نعت کے بعد شرکائے محفل کو شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا خطاب ’’ شان سیدنا غوث الاعظم اور عظمت سلسلہ قادریہ‘‘ پروجیکٹر کے ذریعے دکھایا گیا جس میں شیخ الاسلام نے بتایا کہ کائنات نبوت میں ہر نبی اللہ کی شان ہوتا ہے اور کائنات ولایت میں ہر ولی امت میں اپنے نبی کی شان ہوتا ہے۔ ہر نبی کو بڑے بڑے ولی ملے مگر کسی کو سیدنا غوث الاعظم جیسا ولی نہیں ملا۔ حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اللہ رب العزت کی سب سے بڑی شان ہیں، سلطان الانبیاء اور کوئی نبی آپ سرکار جیسا نہیں ہوا، اسی طرح سیدنا غوث الاعظم نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شان ہیں اور سلطان الاولیاء ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح اللہ رب العزت نے نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو کثرت امت کی نعمت عطا فرمائی اسی طرح نبی اکرم کے فیض پاک سے سیدنا غوث الاعظم کو کثرت مریدین کی نعمت عطا فرمائی۔ آپ نے سلسلہ قادریہ کی عظمت اور شان کے حوالہ سے بھی گفتگو کی۔

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے خطاب کے بعدحلقہ ذکر قائم کیا گیا جس میں حاضرین نے اپنے دلوں کو ذکر الٰہی سے منور کیا۔ پروگرام کی نقابت کے فرائض علامہ حافظ صداقت علی قادری (ڈائریکٹر منہاج القرآن اسلامک سنٹر اوسلو) نے سرانجام دیئے۔ محفل کے اختتام پر دعا کے بعد مہمانوں اور شرکائے محفل کی بہترین ضیافت سے تواضع کی گئی۔

رپورٹ: عقیل قادر

تبصرہ