منہاج یوتھ لیگ سپین کے زیرانتظام الفرغانہ کورس کی پہلی کلاس کا آغاز

مسلمان اور بالخصوص پاکستانی تارکین وطن کی نوجوان نسل یورپین ممالک میں رہ کر دنیاوی علوم سے آراستہ ہو کر مختلف میدانوں میں اپنا اور اپنے ملک کا نام تو روشن کر رہی ہے لیکن دینی علوم سے نا آشنا ہونے کے باعث وہ رفتہ رفتہ دین سے دور ہوتے جا رہے ہیں ایسی صورتحال میں ملت اسلامیہ کی نئی نسل کو علم دین کے زیور سے مزین کرنے کے لئے منہاج القرآن انٹرنیشنل یورپ کی تنظیمات کے زیرانتظام مختلف تربیتی کلاسز، کورسز اور ورکشاپس کا انعقاد کیا جاتا ہے جن میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری سے براہ راست فیض یافتہ فاضلین و اساتذہ کرام تدریسی فرائض سرانجام دیتے ہیں۔

رواں سال منہاج یوتھ لیگ سپین نے بھی ایک ایسی ہی اسلامی تربیتی کلاس کا انتظام کیا ہے جس کو الفرغانہ کورس کا نام دیا گیا ہے اس میں سولہ سے پنتیس سال تک کے نوجوان لڑکے اور لڑکیوں کے لئے قرآن کریم، حدیث نبوی، فقہ اور تصوف کی تعلیم دینے کا اہتمام کیا گیا ہے۔ اس کورس کی سب سے اہم بات یہ ہے کہ اس میں تدریس کے لئے منہاج یونیورسٹی (پاکستان) اور جامعۃ الازہر شریف (مصر) سے فارغ التحصیل شیخ صادق قریشی (منہاجین، الازہری) کو منتخب کیا گیا ہے۔

کورس کی پہلی کلاس 07 مئی 2011ء بروز ہفتہ منہاج اسلامک سنٹر بارسلونا میں ہوئی، کلاس کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن کریم اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے کیا گیا جس کے بعد منہاج یوتھ لیگ سپین کے صدر احسن جاوید خان نے کلاس کے اغراض ومقاصد اور اس میں سکھائے جانے والے علوم کے بارے میں شرکاء کو آگاہ کیا۔ پہلی کلاس میں شیخ صادق قریشی منہاجین الازہری نے طلباء وطالبات کو جن عنوانات پر لیکچر دیا ان میں علم، حواس خمسہ، عقل، وحی الٰہی، اسمائے قرآن، محلات قرآن، تفسیر قرآن، علم حدیث اور تحریک منہاج القرآن کا تعارف شامل ہیں۔ لیکچر کے بعد طلباء وطالبات کے لئے سوال وجواب کی نشست کا بھی اہتمام کیاگیا۔

منہاج یوتھ لیگ سپین کے تحت کلاس کے تمام طلباء وطالبات کی رجسٹریشن کی گئی اور منہاج اسلامک سنٹر بارسلونا کے داخلی دروازہ پر ان کا استقبال کیاگیا، منہاج یوتھ لیگ سپین کے شعبہ پروڈکشن نے کلاس کی تحریری، تصویری اور ویڈیو کوریج بھی کی۔ پہلی کلاس میں 150 سے زائد طلباء و طالبات نے حصہ لیا۔ کلاس میں منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کے قائدین نے بھی شرکت کی جن میں محمد نواز کیانی، مرزا محمد اکرم بیگ، نوید احمد اندلسی، محمد اقبال چودھری، محمد نواز قادری، ارشد محمود کھوکھر، آفتاب حسین، ابرار اور دیگر ذمہ داران نے شرکت کی۔ پہلی کلاس کی کامیابی پر علامہ محمد صادق قریشی اور منہاج القرآن سپین کے قائدین نے منہاج یوتھ لیگ سپین کے صدر احسن جاوید خان، جنرل سیکرٹری خرم شبیر اور ان کی پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کی۔

رپورٹ: نوید احمد اندلسی

تبصرہ