منہاج پیس اینڈانٹی گریشن یونان کے زیر اہتمام مورخہ 08 مئی 2011ء کو منہاج القرآن اسلامک سنٹر ریندی میں تارکین وطن کے قانون کے بارے میں آگاہی کے لئے ایک سیمینار منعقد ہوا جس میں وزارت داخلہ کے شعبہ امیگریشن کے جنرل سیکرٹری آندریا تاکی نے اپنے دو عہدیداران کے ساتھ خصوصی شرکت کی۔ سیمینار کا آغاز تلاوت کلام مجید سے ہوا جس کی سعادت علامہ محمد نواز ہزاروی ( ڈائریکٹر منہاج اسلامک سنٹر ریندی) نے حاصل کی، محمد لطیف نے آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں گلہائے عقیدت پیش کئے۔ سیمینار میں نقابت کے فرائض زیب الحسن قادری نے ادا کئے۔ سیمینار میں لوگوں کی دلچسپی دیدنی تھی اور ہال کشا کش بھرا ہوا تھا۔ منہا ج القرآن انٹرنیشنل یونان کے امیر علامہ شہباز احمد صدیقی، سیکرٹری جنرل منہاج پیس اینڈ انٹی گریشن سید محمد جمیل شاہ اور منہاج پیس اینڈ انٹی گریشن یونان کے صدر غلام مرتضی قادری نے خصوصی شرکت کی۔
وزارت داخلہ کے شعبہ امیگریشن کے جنرل سیکرٹری آندریا تاکی نے سب سے پہلے صدر منہاج پیس اینڈ انٹی گریشن یونان غلام مرتضی قادری کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے عوام الناس کو امیگریشن کے قانون سے آگاہی کے لئے سیمینا ر کا اہتمام کیا۔ انہوں نے کہاکہ تارکین وطن سب سے پہلے یونان کی زبان سیکھیں۔ انہوں نے اے پی ماکرون کارڈ کے بارے میں بتایا جس کے ذریعے پورے یورپ میں کام کیا جاسکتا ہے اور اس کارڈ کو حاصل کرنے کے لئے گذشتہ پانچ سال سے یونان میں لیگل ہونا ضروری ہے،گریگ لینگوئج کورس، ڈاکٹری بک(وائلڈ)، پاسپورٹ، تصاویر اور پچھلے دو سال کی 85000 سے زائدکتھار ستیکو ہو۔ حاضرین نے سوال کیا کہ کارڈ کے حصول کے لئے یونانی زبان کا سرٹیفکیٹ کیوں ضروری ہے۔ اس کا جواب دیتے ہوئے آندریا تاکی نے کہا کہ یہ کاغذات ہم نے آپ کو یونان کے لئے دینے ہیں اس لئے زبان ضروری ہے اور یہ آپ کی مرضی ہے کہ یہاں رہیں یا آگے جائیں۔
آندریاتاکی نے کہا کہ یونان میں معاشی بحران کی وجہ سے مستقبل قریب میں یونان حکومت کا کاغذ کھولنے کا کوئی پروگرام نہیں ہے، اپنی مرضی سے جو تارکین وطن اپنے ملک جانا چاہتے ہیں ان کے پاس کاغذات کے ساتھ ٹکٹ بھی نہیں، ان کے لئے وزارت داخلہ جلد قانون سازی کر رہی ہے تاکہ بلیک لسٹ ہوئے بغیر یہ لوگ باعزت طریقے سے اپنے ممالک کوجاسکیں، ریڈ کارڈ کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ پاکستانی گورنمنٹ نے یورپ کو کہا ہے کہ ہمارے ملک میں جمہوریت ہے اس بنا پر پاکستانی اصولی طور پرسیاسی سٹے کے حق دار نہیں ہیں۔
سیمینار کے اختتام پرمحمد ظہور نے منہاج پیس اینڈ انٹی گریشن یونان کی طرف سے درج ذیل تحریری مسائل وزارت داخلہ کے وفد کو پیش کئے۔
1۔ یونان میں بے روزگاری کی وجہ سے اینسیما کی شرط میں نرمی کی جائے
2۔ مالک کے لیٹر کو ختم کر دیا جائے
3۔ سالانہ دیلوسی 85000 سے کم کی جائے
4۔ پاکستان میں فیملی ویزوں میں ہونے والی تاخیر پر توجہ کی جائے
منہاج پیس اینڈ انٹی گریشن یونان کے صدر غلام مرتضی قادری نے وفد کی مشاورت سے اعلان کیا کہ جو احباب زبان کا سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کے لئے امتحان دینا چاہتے ہیں اور رضا کارانہ طور پر پاکستان جانا چاہتے ہیں وہ منہاج القرآن سنٹر میں اپنے نام کا اندراج کرا دیں تاکہ وفد ان کے لئے کوشش کرے۔ آخر میں مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور پرتکلف کھانے سے تواضع کی گئی۔
رپورٹ : غلام مرتضی قادری
تبصرہ