منہاج القرآن انٹرنیشنل کوریا کے زیراہتمام پوسان سٹی میں میلاد کانفرنس کا انعقاد

منہاج القرآن انٹرنیشنل پوسان سٹی کوریا کے زیراہتمام مورخہ 10 اپریل 2011 ء بروز اتوار کو عظیم الشان میلاد کانفرنس منعقد ہوئی جس کی صدارت منہاج ایشین کونسل کے امیر محمد جمیل چودھری نے کی جبکہ پاکستان سے تشریف لائے سکالر علامہ غلام ربانی تیمور فاضل منہاج القرآن انٹرنیشنل نے خصوصی شرکت کی۔ میلاد کانفرنس کا باقاعدہ آغاز حافظ محمد بشیر قادری نے تلاوت کلام پاک سے کیا جبکہ مردان علی قادری، شکیل قادری اور محمد ارشد قادری نے آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں گلہائے عقیدت پیش کئے۔ پروگرام میں نقابت کے فرائض حافظ عاطب نے سرانجام دیئے۔

میلاد کانفرنس سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے شاگرد علامہ غلام تیمور ربانی نے نفس کی اصلاح کے موضوع پر مدلل خطاب کیا۔ انہوں نے کہا اگر ہم چاہتے ہیں کہ ہمیں اللہ رب العزت کے فیوضات اور آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی خصوصی قربت و شفقت حاصل ہو تو ہمیں اپنی نفسانی خواہشات کو ترک کر کے صفائے قلب و باطن کے ساتھ اس کی بارگاہ میں حاضر ہونا ہو گا۔ جس طرح ہم اپنے کسی بہت ہی عزیز رشتہ دار، مہمان یا اہم شخصیت کا بھرپور استقبال کرتے ہیں اور اس کے آرام کے لئے جو جگہ منتخب کی جاتی ہے اس کی اچھی طرح جھاڑ پونچھ کرتے ہیں۔ اسی طرح جب ہم اپنے دل میں انوار و تجلیات کی بارش ہوتے دیکھنا چاہتے ہیں اور حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت کو اپنے دلوں میں پیدا کرنا چاہتے ہیں تو سب سے پہلے ہمیں اپنے دل کی ویران بستی کو آباد کرنا ہوگا اور درود و سلام کے میٹھے میٹھے بولوں سے اس کو دھونا ہو گا۔ جب ہمارا دل دنیاوی الائشوں، طمع، بغض، کینہ، حسد، انا اور اس طرح کی دیگر غلاضتوں سے پاک ہوجائے گا تو اس قلب پر انوار و تجلیات کی بارش ہوگی۔ علامہ غلام ربانی تیمور نے کہا کہ منہاج القرآن دلوں کی ویران بستیوں کو آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت سے مزین کرنے کے لئے شعور کی بیداری کے لئے کوشاں ہے اور اس کا سب سے بہتر ذریعہ سرور کائنات صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات بابرکات پر ہمہ وقت درود و سلام پیش کرنا ہے۔

علامہ غلام ربانی تیمور کے خطاب کے بعد حاضرین نے اجتماعی طور پر درود و سلام پیش کیا۔ اختتامی دعا کے بعد جملہ شرکاء کے لئے پرتکلف ضیافت کا اہتمام کیا گیا تھا۔

رپورٹ : محمد فاروق

تبصرہ